نجی ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’ڈاکٹر بہو‘ کی کہانی کو طول دینے اور اداکاروں کی پرفارمنس پر نامور مصنف ڈاکٹر محمد یونس بٹ کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران جب میزبان نادیہ خان اور زوہیب حسن نے ہدایت کارہ مہرین جبار سے اس تنقید کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے انتہائی نپے تلے انداز میں جواب دیا۔
مہرین جبار کا کہنا تھا کہ ’میں اس تنقید پر کچھ نہیں کہوں گی۔ ہر انسان اپنی رائے رکھنے کا حق رکھتا ہے، اور کسی کی ذاتی رائے پر جوابی تبصرہ کرنا میری شخصیت کا حصہ نہیں۔ مجھے ایسی تنقید پر ردِعمل دینے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ناظرین اور ناقدین کو اپنی بات کہنے کی مکمل آزادی ہے، اور یہی اظہارِ رائے کی آزادی ہے۔ ایک ڈرامہ میکر کے طور پر ایسا پروجیکٹ بنانا ناممکن ہے جو ہر ایک کو پسند آئے۔
ہدایتکارہ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں بہترین طریقہ یہی ہے کہ مختلف آراء کو تسلیم کیا جائے اور آگے بڑھا جائے۔
اس سے قبل ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ڈرامے کی مرکزی اداکارہ کبریٰ خان اور شجاع اسد کی اداکاری کو دلچسپ انداز میں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔