• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خود کو تنہا محسوس کرتی تھی اس لیے بیٹی کو جنم دیا: نادیہ خان

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ و میزبان نادیہ خان کا کہنا ہے کہ میں بالکل اکیلی تھی جب میری بیٹی علیزے پیدا ہوئی، میں چاہتی تھی کہ کوئی ہو میرے پاس جو مجھ سے اسی طرح بے لوث محبت کرے جیسے میں اپنے ارد گرد لوگوں سے کرتی ہوں۔

نادیہ خان کا شمار جدید طرز کے مارننگ شوز کی بانی شخصیات میں کیا جاتا ہے، انہوں نے اپنی ذاتی زندگی میں کئی نشیب و فراز دیکھنے کے باوجود کبھی ہمت نہیں ہاری، طلاق کے مشکل مرحلے سے گزرنے کے بعد وہ کئی برس تک سنگل مدر رہیں، اداکارہ کی پہلی شادی سے 2 بچے علیزے اور اذان ہیں۔

حال ہی میں نادیہ خان نجی ٹی وی پروگرام میں خاندانی منصوبہ بندی اور بچوں کی پرورش سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ میری ازدواجی زندگی مشکلات کا شکار تھی، تاہم میں نے رشتہ نبھانے کی بھرپور کوشش کی، بعد ازاں میں نے طلاق لے لی اور اپنے دونوں بچوں کی کامیاب انداز میں پرورش کی، اس کے علاوہ میں نے ایک بیٹے، کیان کو گود بھی لیا جو میری زندگی کا نہایت اہم حصہ ہے۔

گفتگو کے دوران اپنے بچوں کی منصوبہ بندی سے متعلق یادیں تازہ ہونے پر نادیہ خان جذباتی ہو گئیں اور انکشاف کیا کہ میں نے اپنی پہلی بیٹی کو اس لیے جنم دیا کیونکہ میں خود کو بہت تنہا محسوس کرتی تھی اور چاہتی تھی کہ میری زندگی میں کوئی ایسا ہو جو مجھے بے لوث محبت دے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نسل بہترین اور خوش قسمت ہے، پچھلی نسل کی بعض روایتی اقدار نے خواتین کی سوچ کو متاثر کیا، ہمارے دور میں خواتین کو یہ باور کرایا جاتا تھا کہ بچے پیدا کرنے سے ازدواجی رشتہ مضبوط ہو جاتا ہے، اسی لیے بہت سی خواتین ناخوشگوار شادیوں کے باوجود صرف رشتہ بچانے کی خاطر بچوں کو جنم دیتی تھیں۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ہماری نسل نے دوسروں کو خوش رکھنے کی کوشش میں اپنی خوشیوں اور خواہشات کو قربان کر دیا، لیکن اب احساس ہوتا ہے کہ یہ سوچ درست نہیں تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید