انقرہ میں منعقدہ حالیہ نیٹو سربراہ اجلاس کاسب سے مؤثراور دیرپا منظر وہ تھاجب دنیاکے طاقتور ترین عسکری اتحادکے رہنما صدارتی محل میں مہتر بینڈکی پُروقار دھنوں، عثمانی عہدکی فوجی وردیوں اور ترک ریاستی روایت کی تاریخی علامتوںکے درمیان استقبال کیلئےآئے۔یہ محض ایک رسمی تقریب نہیں تھی بلکہ جدید ترکیہ کی جانب سے دنیا کیلئے ایک خاموش مگر نہایت بامعنی سفارتی پیغام تھا۔جدید سفارت کاری صرف مذاکراتی میزوں، مشترکہ اعلامیوں اور دفاعی معاہدوں تک محدود نہیں رہی۔ اکیسویں صدی میں ریاستیں اپنی تاریخ، ثقافت، فنِ تعمیر، قومی روایات اور تہذیبی شناخت کو بھی خارجہ پالیسی کا مؤثر ذریعہ بنا رہی ہیں۔ بین الاقوامی تعلقات کی زبان میں اسے علامتی سفارت کاری اور نرم قوت (Soft Power) کہا جاتا ہے۔ یہ وہ طاقت ہے جو گولی چلائے بغیر اثر پیدا کرتی ہے، اور معاہدہ کیے بغیر احترام حاصل کرتی ہے۔ترکیہ نے نیٹو اجلاس کے موقع پر اسی حکمتِ عملی کو انتہائی اعتماد کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا۔ مہتر بینڈ کی گونج، عثمانی پرچموں کی شان اور تاریخی ملبوسات صرف ماضی کی یادگاریں نہیںبلکہ اس حقیقت کا اعلان تھیں کہ جدید جمہوریہ ترکیہ اپنی قومی شناخت کو 1923ءسے شروع ہونیوالی تاریخ تک محدود نہیں سمجھتا،بلکہ سلجوقی اور عثمانی ریاستی روایت کو اپنی تہذیبی اور سیاسی شخصیت کا فطری تسلسل تصور کرتا ہے۔یہ طرزِ فکر دنیا کی بڑی طاقتوں کیلئےنیا نہیں۔برطانیہ آج بھی اپنی شاہی روایات کو قومی وقار کی علامت بنائے ہوئے ہے، فرانس اپنی تہذیبی میراث کو سفارتی قوت میں تبدیل کرتا ہے، چین اپنی ہزاروں سالہ تہذیب کو قومی بیانیے کا مرکز قرار دیتا ہے، جبکہ جاپان جدید ترین ٹیکنالوجی کے باوجود اپنی روایتی شناخت سے دست بردار نہیں ہوا۔ اسی تناظر میں اگر ترکیہ اپنے عثمانی ورثے کو جدید ریاستی تشخص کے ساتھ جوڑتا ہے تو یہ ماضی کی طرف واپسی نہیں بلکہ قومی خوداعتمادی کا اظہار ہے۔ترکیہ کی اس حکمتِ عملی کو محض جذباتی تاریخ پسندی قرار دینا حقیقت سے صرفِ نظر ہوگا۔ درحقیقت یہ ایک سوچا سمجھا ریاستی بیانیہ ہے جسکے تحت قومی تاریخ، تہذیبی ورثہ اور ثقافتی شناخت کو جدید خارجہ پالیسی کا فعال حصہ بنایا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انقرہ میں نیٹو سربراہ اجلاس کے دوران پیش کیے گئے مناظر محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ ایک واضح سفارتی پیغام تھے کہ جدید ترکیہ اپنی ترقی، دفاعی صلاحیت اور اقتصادی اہداف کو اپنی تاریخی شناخت سے الگ نہیں دیکھتا۔مہتر بینڈ کی گونج صرف موسیقی نہیں بلکہ ایک ایسی تہذیب کی یاد تھی جس نے صدیوں تک تین براعظموں میں ریاستی نظم، عسکری تنظیم، فنِ تعمیر، تجارت، قانون اور ثقافت کو متاثر کیا۔ یورپی فوجی موسیقی پر عثمانی مہتر کے اثرات اور موزارٹ، ہیڈن اور بیتھوون جیسے موسیقاروں کی تخلیقات میں اسکی بازگشت اس امر کا ثبوت ہے کہ تہذیبوں کا اثر صرف میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہتا بلکہ فنون، علوم اور ثقافت کے ذریعے بھی نسلوں تک منتقل ہوتا ہے۔اسی تناظر میں نیٹو اجلاس کی استقبالیہ تقریب کو دیکھا جائے تو واضح ہوتا ہے کہ ترکیہ نے دنیا کو ماضی کی عظمت کا قصہ سنانے کی کوشش نہیں کی بلکہ یہ باور کرایا کہ تاریخ اسکی قومی شناخت، ریاستی خوداعتمادی اور سفارتی وژن کا زندہ حصہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کا ترکیہ ایک طرف جدید دفاعی صنعت، سفارتی سرگرمیوں اور علاقائی کردار کو مضبوط بنا رہا ہے، تو دوسری طرف اپنی تہذیبی جڑوں کو بھی اسی اعتماد سے دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔انقرہ میں نیٹو سربراہ اجلاس کااستقبالیہ محض چند منٹوں کی ایک تقریب تھا، مگر اسکے مضمرات کہیں زیادہ وسیع تھے۔ اس نے یہ حقیقت ایک بار پھر نمایاں کر دی کہ ریاستیں صرف اپنی عسکری قوت، اقتصادی استعداد یا سفارتی مہارت سے ہی نہیں بلکہ اپنے تاریخی شعور، تہذیبی اعتماد اور قومی وقار سے بھی پہچانی جاتی ہیں۔مہتر کی گونج، عثمانی پرچموں کی شان اور صدیوں پر محیط ریاستی روایت کی علامتیں دراصل دنیا کو یہ پیغام دے رہی تھیں کہ تاریخ عجائب گھروں میں بند ایک خاموش داستان نہیں، بلکہ اگر اسے بصیرت، اعتماد اور حکمت کے ساتھ بروئے کار لایا جائے تو وہ مستقبل کی سفارتکاری کا مؤثر ترین وسیلہ بن سکتی ہے۔ انقرہ میں ترکیہ نے دنیا کو شاید یہی خاموش مگر نہایت طاقتور پیغام دیا کہ جو قومیں اپنی جڑوں سے وابستہ رہتی ہیں، وہی اعتماد کے ساتھ اپنے مستقبل کی سمت بھی متعین کرتی ہیں۔
اصل سوال یہ نہیں کہ مہتر کیوں بجایا گیا، بلکہ یہ ہے کہ نیٹو جیسے مغربی عسکری اتحاد کے اجلاس میں ترکیہ نے یہی منظر دنیا کے سامنے کیوں پیش کیا؟ اس کا جواب گزشتہ دو دہائیوں میں ترکیہ کی خارجہ پالیسی میں آنیوالی اس تبدیلی میں پوشیدہ ہے جسکے تحت قومی تاریخ، تہذیبی شناخت اور ثقافتی ورثے کو سفارتی حکمتِ عملی کا باقاعدہ حصہ بنایا گیا ہے۔ صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت میں ترکیہ نے یہ تصور مستحکم کیا ہے کہ جدید ریاست کی طاقت صرف اسکی معیشت اور عسکری صلاحیت میں نہیں بلکہ اس تاریخی شعور میں بھی ہوتی ہے جو قوم کو اپنی جڑوں سے جوڑے رکھتا ہے۔ترکیہ نے دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ وہ نیٹو کا ایک اہم رکن ضرور ہے، لیکن اسکی شناخت صرف ایک مغربی عسکری اتحاد تک محدود نہیں۔ وہ ایک ایسی تہذیب کا وارث ہے جس نے صدیوں تک یورپ، ایشیا اور افریقہ کی سیاست، معیشت، فنون، قانون، فنِ تعمیر اور عسکری تنظیم پر گہرے اثرات مرتب کیے۔مہتر بینڈ اسی تاریخی ورثے کی ایک زندہ علامت ہے۔ موسیقی کے مؤرخین اس حقیقت پر متفق ہیں کہ یورپی فوجی موسیقی کی تشکیل میں عثمانی مہتر کا نمایاں کردار رہا۔ بعدازاں یہی اثرات موزارٹ، ہیڈن اور بیتھوون جیسے عظیم موسیقاروں کی تخلیقات تک پہنچے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عظیم تہذیبیں صرف اپنی فتوحات سے نہیں بلکہ اپنے علم، فن، ثقافت اور جمالیاتی اثرات کے ذریعے بھی تاریخ کا رخ متعین کرتی ہیں۔