پاکستان کے معروف میزبان اور کامیڈین تابش ہاشمی نے اپنے شو ہنسنا منع ہے میں ناظرین کے ایک دلچسپ سوال کا مزاحیہ انداز میں جواب دے کر حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔
حال ہی میں نشر ہونے والے ایک پروگرام میں اداکار علی عباس بطور مہمان شریک تھے، ایک خاتون نے تابش ہاشمی سے پوچھا کہ سر! جب آپ اپنے شو میں کسی اداکارہ کو مدعو کرتے ہیں تو بہت خوش نظر آتے ہیں، کیا گھر جا کر اپنی اہلیہ کو دیکھ کر بھی اتنے ہی خوش ہوتے ہیں؟
اس پر تابش ہاشمی نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ بالکل، میں گھر جا کر بھی خوش ہوتا ہوں اور میری اہلیہ کو بھی مجھے خوش دیکھنا پسند ہے۔
خاتون نے مزید سوال کیا کہ کیا گھر جاتے ہوئے آپ کے ذہن میں سجل علی یا صبا قمر جیسی اداکاراؤں کا خیال آتا ہے؟
اس پر تابش ہاشمی نے ہنستے ہوئے کہا کہ نہیں، نہیں میں گھر جاتے ہوئے سجل علی یا کسی اور کے بارے میں نہیں سوچتا میں تو مہوش حیات!
ان کے اس مزاحیہ جواب پر شو میں قہقہے گونج اٹھے۔
بعد ازاں تابش ہاشمی نے خاتون سے پوچھا کہ آخر اس سوال کے پیچھے مقصد کیا ہے؟ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ کیا میری بیوی نے آپ کو بھیجا ہے؟ پہلے آپ نے ہماری کامیاب شادی کا راز پوچھا، اب یہ سوال کر رہی ہیں، لگتا ہے آپ کو حیرت ہے کہ ہماری شادی ابھی تک کیسے چل رہی ہے۔
تابش ہاشمی پاکستان کے مقبول کامیڈی ٹاک شو ہنسنا منع ہے کے میزبان ہیں، جو 1 ارب سے زائد ڈیجیٹل ویوز حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا کامیڈی پروگرام بن چکا ہے۔
حال ہی میں تابش ہاشمی نے فلم آگ لگے بستی میں کے ذریعے اداکاری کے میدان میں بھی قدم رکھا ہے، جس میں ان کے ساتھ ماہرہ خان اداکاری کے جلوے بکھیر رہی ہیں۔