میرپورخاص میں گھر سے 18 سال کی لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے، پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار اور مزاحمت پر پولیس نے لڑکی کے دو بھائیوں سمیت 6 افراد کو حراست میں لیکر اپنی نگرانی میں پوسٹ مارٹم کروالیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کریم ٹاؤن میں سامنے آیا، جہاں اہل محلہ کی اطلاع پر پولیس نے رات گئے گھر سے لڑکی کی لاش کو تحویل میں لیا۔
ورثاء نے لڑکی کا پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار اور مزاحمت کی، مزاحمت اور مداخلت پر پولیس کی جانب سے لڑکی کے چار ماموؤں اور دو بھائیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق لڑکی کے جسم پر تشدد کے نشانات ملے ہیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ ملنے کے بعد ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا، ایس ایس پی کی نگرانی میں 4 رکنی ٹیم نے تفتیش شروع کردی ہے۔