عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں 16ویں نمبر پر آگیا، وزیراعلیٰ مریم نواز نے فضائی آلودگی کے پھیلاؤ کے تمام ذرائع روکنے کی ہدایت کردی ہے۔
ترجمان کے مطابق بھارت سے چلنے والی ہواؤں کے رخ میں تبدیلی سے فضائی آلودگی کے انڈیکس میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔
ترجمان نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر اضلاع متاثر ہو رہے ہیں، موسمیاتی ماہرین کے مطابق اگلے ہفتے لاہور میں بارش سے فضائی آلودگی میں کمی کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اینٹی اسموگ سیزن کی گزشتہ سال کے ایس او پیز پر عملدرآمد سخت کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے فصلوں کی باقیات ٹھکانے لگانے اور آگ نہ لگانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے پلاسٹک کو آگ لگانے اور اس سے تیار مصنوعات کے خطرات کا خاتمہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ کی ہدایت پر زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔
ترجمان نے کہا وزیراعلیٰ نے ریستورانٹس اور بار بی کیو آؤٹ لیٹس کی نگرانی اور معائنہ موثر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ لاہور کے داخلی مقامات پر گاڑیوں کے معائنے اور اسموک ایمیشن کی سخت پڑتال بھی جاری ہے۔