• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اڈیالہ روڈ پر بس کی موٹرسائیکل کو ٹکر، باپ کیساتھ بیٹھی 9 سالہ بچی جاں بحق

راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں والد کے ساتھ بیٹھی 9 سالہ کمسن بچی جاں بحق ہوگئی، جبکہ موٹر سائیکل سوار والد اور دوسری بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے بس پر پتھراؤ کیا اور اسے نذرِ آتش کرنے کی کوشش کی، پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ 

پولیس کے مطابق افسوسناک حادثہ اڈیالہ روڈ پر منور کالونی کے قریب ایک نجی مارٹ کے سامنے پیش آیا، جہاں بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر والد کے ساتھ بیٹھی 9 سالہ عائشہ شدید زخمی ہوئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ اس کا والد اور دوسری کمسن بچی محفوظ رہے، بچی کا سر بس کے نیچے آکر کچلا گیا۔

 حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور گرین بس کے ڈرائیور کو شہریوں سے اپنی تحویل میں لے لیا۔

 کمسن بچی کی ہلاکت پر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور اڈیالہ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے بس پر پتھراؤ کیا، جبکہ مشتعل افراد نے بس کو نذرِ آتش کرنے کی بھی کوشش کی، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ بجھائی اور 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔ 

قومی خبریں سے مزید