یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل آفس نے ارب پتی وادم یرمالوف پر مناکو میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی ویڈیو جاری کر دی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارت کے دروازے پر مشتبہ چیز رکھ کر قاتل آگے بڑھا اور کئی بار پیچھے مڑ کر دیکھتا رہا اور جب وادم اہلِ خانہ کے ساتھ پہنچے تو دھماکا ہو گیا۔
روسی میڈیا کے مطابق وادم پر حملے کی کوشش میں ملوث 39 سالہ یوکرینی خاتون کیف میں مردہ پائی گئی، جبکہ مزید 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
روسی حکام کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ایک سابق پولیس افسر اور یوکرین کی وزارتِ دفاع کے مرکزی محکمۂ انٹیلی جنس (جی یو آر) کا ایک حاضر سروس اہلکار شامل ہے۔
کیف میں پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تفتیش کاروں نے اہم شواہد میں سے ایک ایسا ویڈیو ریکارڈ حاصل کر لیا ہے جسے ملزمان مبینہ طور پر تلف کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر کے مطابق یہ فوٹیج نگرانی کرنے والے کیمرے کی تھی، جسے واردات سے قبل جائے وقوع کے قریب نصب کیا گیا تھا تاکہ حملے کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ 29 جون کو ہونے والے اس حملے میں یوکرینی ارب پتی وادم یرمالوف اور ان کے اہلِ خانہ زخمی ہوئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دھماکے میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔
کاروباری حلقوں سے وابستہ ذرائع کے مطابق زخمیوں میں وادم یرمالوف اور ان کے قریبی ساتھی شامل تھے۔
16 جولائی کو وادم یرمالوف نے الزام عائد کیا کہ یوکرین کی ڈیفنس انٹیلی جنس (ڈی آئی یو) نے مجھے اور میرے اہلِ خانہ کو قتل کرنے کی سازش تیار کی ہے۔
انہوں نے اپنے پورے خاندان کے لیے حفاظتی اقدامات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔