پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ اور سابق ٹی وی اناؤنسر صباحت بخاری نے کہا ہے کہ مجھے آج بھی اس بات کا افسوس ہے کہ میں اپنے والد کے ساتھ زیادہ وقت نہ گزار سکی۔
صباحت بخاری حال ہی میں مایا خان کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی، کیریئر اور خاندانی تعلقات سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میرا بچپن آسان نہیں تھا کیونکہ میرے والد شوبز کیریئر کے سخت خلاف تھے، شاید اسی مشکل دور نے مجھے دوسروں کے ساتھ نرم مزاج اور مہربان بننا سکھایا۔
صباحت بخاری کے مطابق بچپن کے زخم انسان کی شخصیت پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں اور زندگی بھر اس کے رویوں کو تشکیل دیتے رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وقت گزرنے کے ساتھ والد نے میرے کیریئر کو قبول کر لیا تھا، تاہم دونوں کے درمیان موجود فاصلہ مکمل طور پر کبھی ختم نہ ہو سکا۔
اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے صباحت بخاری نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کاش میں اپنے والد کے ساتھ زیادہ وقت گزار پاتی، شاید اس سے ہمارے تعلقات مزید مضبوط اور خوبصورت ہو جاتے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اگرچہ زندگی کے آخری برسوں میں والد کے ساتھ تعلقات بہتر ہو گئے تھے، لیکن مجھے آج بھی اس بات کا احساس رہتا ہے کہ میں ان کے مزید قریب ہو سکتی تھی۔