وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللّٰہ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بلاول کشمیر میں ن لیگی وزرا کی بھڑکائی آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شرجیل میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ ن لیگ کے وزرا کے غیر ذمے دارانہ بیانات سے کشمیر میں منفی فضا پیدا ہوئی، ن لیگ کے وزرا نے غیر سنجیدہ سیاست کرتے ہوئے کشمیری عوام کی توہین کی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ غرور اور تکبر کا عالم یہ ہے کہ ن لیگ کے وفاقی وزرا اپنے بیانات پر معذرت کرنے سے بھی گریز کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ بلاول چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی مضبوط آواز بن کر وہاں کے عوام کے احساسِ محرومی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری اس وقت ایک حقیقی مدبر اور اسٹیٹس مین کا کردار ادا کر رہے ہیں۔