• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میسی اپنا ممکنہ آخری ورلڈ کپ کا اختتام شکست کیساتھ کرنے پر آبدیدہ

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹینا کو شکست دے کر عالمی چیمپئن کا اعزاز حاصل کر لیا جبکہ ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی اپنی ممکنہ آخری ورلڈ کپ مہم کا اختتام شکست کے ساتھ کرنے پر آبدیدہ ہو گئے۔

39 سالہ میسی پورے ٹورنامنٹ میں ارجنٹینا کے سب سے نمایاں کھلاڑی رہے تاہم فائنل میں اسپین کی مضبوط دفاعی اور جارحانہ حکمتِ عملی کے سامنے مؤثر کردار ادا نہ کر سکے۔ 

ارجنٹینا نے مقررہ وقت میں ایک بھی شاٹ ہدف کی جانب نہ لگایا جبکہ اسپین نے مسلسل دباؤ برقرار رکھا اور گیند کا 65 فیصد کنٹرول اپنے پاس رکھا۔

میسی نے فائنل میں 54 مرتبہ گیند کو چھوا اور صرف 1 شاٹ لیا، آخری لمحات میں ان کے کارنر پر جیولیانو سیمیونے کو موقع ملا لیکن وہ گیند جال میں پہنچانے میں ناکام رہے۔

میسی نے پورے ٹورنامنٹ میں 8 گول کیے اور 4 میں مدد فراہم کی جن میں انگلینڈ کے خلاف 2 فیصلہ کن گول کی معاونت بھی شامل تھی۔

ارجنٹینا کے کئی کھلاڑیوں نے کہا کہ وہ میسی کے لیے ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں مگر فائنل میں ان کی ٹیم اسپین کے سامنے بے بس دکھائی دی۔

میچ کے بعد رنرز اپ کا تمغہ وصول کرتے وقت میسی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور ان کی آنکھوں سے آنسو بہہ نکلے۔

واضح رہے کہ اگلا ورلڈ کپ ہونے تک ان کی عمر 43 سال ہو گی جس کے باعث ان کی آئندہ عالمی کپ میں شرکت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید