( کالموں کا مجموعہ)
مصنّف: دلاور چوہدری
صفحات: 252، قیمت: 2500روپے
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
زیرِ نظر کتاب کا نام احمد فراز کے اِس شعر سے ماخوذ ہے؎’’ایک تو خواب لیے پِھرتے ہو، گلیوں، گلیوں…اِس پہ تکرار بھی کرتے ہو، خریدار کے ساتھ۔‘‘ مصنّف کا شمار پاکستان کے سینئیر صحافیوں میں ہوتا ہے۔ وہ ایک بڑے اخبار میں چیف نیوز ایڈیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ابتدا میں روزنامہ’’جنگ‘‘ میں شائع ہونے والی اُن کی تحاریر نے اہلِ نظر کی توجّہ اپنی جانب مبذول کروائی۔ یہ کتاب دلاور چوہدری کے اُن کالمز کا مجموعہ ہے، جو ایک اخبار میں تواتر کے ساتھ شائع ہوتے رہے۔
موصوف ایک صحافی ہی نہیں، ادیب، دانش وَر اور مبصّر بھی ہیں۔ اُن کے کالمز میں اِتنی کتابوں کا تعارف موجود ہے، جو ایک جگہ سما جائیں، تو مناسب حجم کی لائبریری کا رُوپ دھار سکتی ہیں۔ ذوالفقار احمد چیمہ کے بقول’’ دلاور چوہدری کے گھر کی لائبریری میں نئی اور معیاری کتب کا ایسا ذخیرہ موجود ہے، جو کسی تعلیمی ادارے کی لائبریری میں بھی نہیں مل سکتا۔‘‘ چوہدری صاحب وسیع المطالعہ ہی نہیں، وسیع المشاہدہ بھی ہیں۔
پاکستان ہی نہیں، اقوامِ عالم کی تاریخ، جغرافیے اور سیاست پر بھی اُن کی گہری نظر ہے۔ زیرِ نظر کتاب73کالمز پر مشتمل ہے۔ اِس میں ایسے موضوعات پر بھی کالمز شامل ہیں، جن پر بہت کم قلم اُٹھایا جاتا ہے۔ مجیب الرحمان شامی، سہیل وڑائچ، ذوالفقار احمد چیمہ، سیّد احمد ندیم قادری، سیّد آسی، قیوم نظامی، راؤ منظر حیات، حاجی محمّد نواز رضا اور علّامہ عبدالستار عاصم کے مضامین نے بھی کتاب کی اہمیت میں اضافہ کیا ہے۔