• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تالیف: سیّد شمس الحسن

ترجمہ: منیر احمد منیر

صفحات: 336، قیمت: 1000روپے

ناشر: آتش فشاں، علّامہ اقبال ٹاؤن، لاہور۔

فون نمبر: 4332920 - 0333

سیّد شمس الحسن کی انگریزی میں تحریر کردہ کتاب’’پلین مسٹر جناح‘‘ کو منیر احمد منیر نے’’صرف مسٹر جناح‘‘ کے نام سے اُردو میں منتقل کیا ہے۔ زیرِ نظر کتاب کا پہلا ایڈیشن اپریل1995ء میں شائع ہوا تھا۔ مولف نے قائدِ اعظم کے جو خطوط پیش کیے ہیں، وہ1942ء سے1946ء تک کا احاطہ کرتے ہیں۔

اس میں ہندوستان اور برطانوی رہنماؤں اور حُکم رانوں کے ساتھ، اُن کی خط وکتابت شامل نہیں۔ یہ خطوط عام شہریوں کے ساتھ اُن کے رویّے، غیر سیاسی اور روزمرّہ کے معاملات پر اُن کی سوچ اور طریقۂ کار کا تعیّن کرتے ہیں۔

کتاب کے مترجّم، منیر احمد منیر نے تحریر کیا ہے کہ’’ یہ کتاب تاریخی حقیقت نگاری کا ایک شان دار نمونہ ہے۔ یہ محدود خطوط اور کاغذات بھی قائدِ اعظم کی نجی زندگی کے کئی پہلو آشکار کرتے ہیں، جو اُن کی عوامی زندگی کی طرح بے کھوٹ اور بے ریا ہیں۔

ہر تحریر، ہر خط، ہر پیرا، جملے کی ہر بندش، الفاظ کا زیر و بم، یہاں تک کہ ہر شوشا، اُن کی دانش مندی، تدبّر، معاملہ فہمی، سچّائی اور اولوالعزمی پر دال ہے۔‘‘ کتاب22 عنوانات میں تقسیم کی گئی ہے۔ یہ کتاب بلاشبہ قائدِ اعظم محمّد علی جناح کے حوالے سے ایک تاریخی دستاویز کا درجہ رکھتی ہے کہ ایسی مفید معلومات، بہت کم کتابوں میں دست یاب ہوتی ہیں۔

اِتنی اہم کتاب کا ترجمہ کرنا کوئی معمولی بات نہیں، لیکن منیر احمد منیر نے حق ادا کردیا ہے۔ بہت رواں، دواں ترجمہ ہے۔ تاریخ کے طلبہ کو اِس کتاب سے ضرور استفادہ کرنا چاہیے۔