مصنّف: ڈاکٹر رانا خالد محمود قیصر
صفحات: 390، قیمت: 2000 روپے
ناشر: الحمد پبلی کیشنز، اُردو بازار، گلشنِ اقبال، کراچی۔
فون نمبر: 3426334 - 0305
زیرِ نظر کتاب کے مصنّف، ڈاکٹر رانا خالد محمود قیصر گذشتہ50برس سے کراچی کے ادبی منظر نامے کا حصّہ ہیں۔ وہ بنیادی طور پر شاعر ہیں، لیکن اب نثر، اُن کی شاعری پر غالب آتی نظر آرہی ہے کہ اُنہیں زیادہ تر ایک مبصّر کی حیثیت سے ادبی تقریبات میں مدعو کیا جارہا ہے۔ ویسے اُن کے شعری اور نثری مجموعوں کی تعداد22ہوچُکی ہے۔
اُردو زبان وادب کی تاریخ لکھنا اور شعراء کا تذکرہ مرتّب کرنا اب ایک روایت بن چُکی ہے اور زیرِ نظر کتاب اِسی نوعیت کا ایک تذکرہ قرار دی جاسکتی ہے، جس میں ولی دکنی سے عصرِ حاضر تک کے کم وبیش193شعراء کا تعارف، شعری رحجانات اور نمونۂ کلام شامل ہے۔
کتاب کے مرکزی عنوانات ملاحظہ فرمائیں۔’’ برّصغیر پاک وہند میں غزل اور صوفیائے عظّام‘‘،’’اردو غزل کے ایہام گو شعراء‘‘،’’ ایہام گوئی کا زوال: ردِ ایہام گوئی‘‘،’’ اردو غزل کا زرّیں دور‘‘، ’’اردو غزل: داغ، حالی اور اقبال کا عہد‘‘، ’’رومانی تحریک اور اردو غزل‘‘،’’ اُردو شاعری میں ایک نیا زوایہ: ترقّی پسند‘‘،’’ اُردو غزل: جدید دَور‘‘ اور’’ اُردو غزل: معاصرین۔ ‘کتاب کا انتساب، ممتاز ومعتبر شاعر اور خلائی سائنس دان، خیام الپاک، ظفر محمّد خان ظفر کے نام کیا گیا ہے۔