فیفا ورلڈ کپ 2026ء کی فاتح ٹیم اسپین کے کوچ لوئیس ڈی لا فوئنٹے نے عالمی کپ فائنل میں کامیابی کے بعد اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹیم اسپین کی موجودہ نسل کے لیے باعثِ فخر ہے۔
کوچ لوئیس ڈی لا فوئنٹے نے کہا ہے کہ میرے لیے اس شاندار سفر کا حصہ بننا اعزاز کی بات ہے، ٹیم نے یورپی چیمپئن شپ 2024ء کے بعد عالمی کپ بھی جیت کر اپنی صلاحیت ثابت کر دی۔
انہوں نے کہا کہ اسپین ٹیم کے کھلاڑی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں اور اتحاد کے ساتھ کھیلنے کی وجہ سے ہی یہ کامیابی حاصل ہوئی، ہم سب مل کر زیادہ مضبوط ہیں۔
اسپین کے کوچ کے مطابق میچ کا فیصلہ پہلے ہی ہو جانا چاہیے تھا لیکن ارجنٹائن کے گول کیپر ایمی مارٹینیز کی شاندار کارکردگی نے اسپین کو جَلد فتح حاصل کرنے سے روکے رکھا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی کپ کا فائنل ہمیشہ مشکل ہوتا ہے اور ارجنٹائن کے 10 کھلاڑیوں تک محدود ہونے کے باوجود اسپین کو آخر تک جدوجہد کرنا پڑی۔
واضح رہے کہ ارجنٹائن کے اینزو فرنانڈیز کو 93 ویں منٹ میں دوسری وارننگ کے بعد میدان سے باہر بھیج دیا گیا جبکہ اسپین کی جانب سے فیصلہ کن گول 106 منٹ میں کیا گیا۔
یاد رہے کہ اسپین نے ارجنٹائن کو شکست دے کر ملک کی تاریخ کا دوسرا عالمی کپ اپنے نام کیا ہے۔