• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے شاید بجٹ پاس کروانے کیلئے جی بی میں میرے مینڈیٹ کو تسلیم کیا: بلاول

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے شاید حکومت بچانے اور بجٹ پاس کروانے کےلیے گلگت بلتستان میں میرے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔ 

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا وفاقی حکومت کے ساتھ جو ورکنگ ریلشن شپ ہے وہ شاید ایک وزیراعظم کی حد تک ہی محدود ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 6 ماہ سے آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت رہی ہے۔ اپنے کسی ایک انتخابی جلسے میں وزیراعظم اور صدر آزاد کشمیر کو نہیں لے کر گیا تھا۔ پیپلز پارٹی صاف اور شفاف انتخابات پر یقین رکھتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جو بات میں نے کی وہ ہمارے موقف کا تسلسل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے صوبے سے آزاد کشمیر میں بسیں بھیجتی ہیں اور دوسری طرف یہاں کا آٹا روکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلم کھلا ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، ہمارے کارکن کو قتل کیا گیا، ایک حلقے میں 10 پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کیا گیا۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ ن لیگ کھلم کھلا انتخابی ڈاکہ ڈالے، ہمیں مارے بھی اور رونے بھی نہ دے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی دھاندلی کے ہمارے پاس ویڈیوز کی صورت میں شواہد موجود ہیں۔ ہم نے ن لیگ کی دھاندلی کو شواہد کی بنیاد پر بےنقاب کیا، ن لیگ ان کا جواب دے۔ 

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو یاد ہے ن لیگ نے گلگت بلتستان کے ووٹ پر بھی ڈاکہ ڈالنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔ گلگت بلتستان انتخابات میں ن لیگ کی دھاندلی کی کوشش کو روک کر انہیں بےنقاب کردیا تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان انتخابات میں حکومت بچانے اور بجٹ پاس کروانے کےلیے وزیراعظم نے شاید میرے مینڈیٹ کو تسلیم کیا۔ ہمیں کسی پارٹی کے نہیں قومی مفاد کو ترجیح دینا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید