پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں میر پور اور کوٹلی کے ووٹ پر ڈاکا مارا گیا، ریاست کو فیصلہ کرنا ہے کہ ہمارے لیے قومی مفاد زیادہ اہم ہے یا ن لیگ کا مفاد؟
مظفر آباد میں پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم قومی مفاد میں ریاستِ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، ن لیگ کے مفاد میں نہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آنکھیں کھولیں، ن لیگ کے مفاد کے نام پر پاکستان کا کیا حال ہوا، کشمیر کے ساتھ کیا کر رہے ہیں، یہ آزاد کشمیر ہے، اسے کبھی بھی مقبوضہ کشمیر نہیں بننے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جو ہو رہا ہےکیا ہم اسے جمہوریت کا نام دے سکتے، میر پور کے عوام کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اپنے ووٹ سے پیپلز پارٹی کو اکثریت دلوائی، لیکن لگ رہا ہے ریاست کا ہر فیصلہ ن لیگ کو ترجیح دے رہا ہے، اس کا نقصان کشمیر، پاکستان اور اس کے عوام کو ہو رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اپنے ہی ساتھیوں کی جانیں ضائع ہوتے نہیں دیکھ سکتے، انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکن کو مارا لیکن اس کے باوجود ان کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں، میں انہیں نہیں چھوڑوں گا، آپ کو حق دلا کر رہوں گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ آپ نے مرحلہ وار الیکشن دھاندلی کے لیے کرائے، ان لوگوں نے وہی کام کیا جو انہوں نے پچھلے الیکشن میں کیا تھا۔