• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر رضا کی قبر کشائی کر کے پوسٹمارٹم مکمل

کراچی کے نوجوان میر رضا کی قبر کشائی کر کے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیا۔

اس موقع پر کراچی میں طارق روڈ پر واقع سوسائٹی قبرستان میں میڈیکل بورڈ کے تمام ارکان پہنچے تھے جبکہ میر رضا کے اہلِ خانہ اور وکیل جبران ناصر بھی قبرستان میں موجود تھے۔

میڈیکل بورڈ کے رکن کے مطابق میر رضا کی لاش سے مختلف نمونے حاصل کیے گئے ہیں جنہیں کیمیائی تجزیے کے لیے بھیجا جائے گا۔

بعد ازاں میر رضا کے والد میر حسین نے جیو نیوز سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبر کشائی کی کارروائی سے مطمئن ہوں، دعا ہے پوسٹ مارٹم میں جو کچھ پہلے ہوا اب نہ ہو۔

میر حسین نے کہا کہ بیٹے کے حوالے سے ایک آڈیو چل رہی ہے وہ بیٹے کی نہیں، کیس کو خراب کرنے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ میر رضا علی کی قبر کشائی کل ہونی تھی جسے مؤخر کر دیا گیا تھا۔

میڈیکل بورڈ کے ارکان تبدیل کرنے پر میر رضا کے والد میر حسین نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک پرانا میڈیکل بورڈ بحال نہیں کیا جاتا، قبر کشائی کی اجازت نہیں دیں گے۔

کیس کا پس منظر

خیال رہے کہ کراچی کا نوجوان میر رضا علی خان 28 جولائی کو پاکستان ایمپلائیز ہاؤسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) سے لاپتہ ہوا تھا، وہ صبح 4 بج کر 9 منٹ پر آن لائن ٹیکسی کے ذریعے گھر سے روانہ ہوا تھا، جس کی لاش 2 روز بعد گلستانِ جوہر سے ملی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق میر رضا کی لاش بہت بری حالت میں ملی تھی، اس کے سینے میں گولی لگی تھی، لاش ملنے سے 1 روز قبل اس کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کر دیے گئے تھے۔

مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ میر رضا کا 30 اگست کو گلشنِ اقبال کی بیت المکرم مسجد میں نکاح تھا اور رضا اپنی نئی شروع ہونے والی زندگی کے حوالے سے بہت خوش تھا۔

قومی خبریں سے مزید