آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026ء کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔
2 سابق وزرائے اعظم سردار عتیق، سردار تنویر الیاس اور موجودہ وزیرِ اعظم فیصل راٹھور بھی میدان میں ہیں۔
پیپلز پارٹی نے دھاندلی اور پولنگ تاخیر سے شروع ہونے کا الزام لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو شکایات کرنے کا دعویٰ کردیا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ آر او آفس کو کوئی تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی، تلخ کلامی کے چند واقعات ہوئے جن پر ایکشن لیا گیا ہے، اگر کوئی شکایت موصول ہوئی تو فوری ایکشن لیا جائے گا۔
باغ اور حویلی میں 4 لاکھ 60 ہزار شہری ووٹ کاسٹ کریں گے، صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی، جبکہ پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
باغ کے 3 حلقوں حلقہ ایل اے 14 باغ 1، ایل اے 15 باغ 2 اور ایل اے 16 باغ 3 جبکہ ضلعی حویلی کے 1 حلقے ایل اے 17 باغ 4 میں پولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
بڑی تعداد میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بزرگ شہری بھی اپنا جمہوری حق استعمال کرنے پولنگ اسٹیشنز پہنچ رہے ہیں۔
ایل اے 17 باغ 4 حویلی سے مسلم لیگ ن کے امیدوار محسن عزیز اور پیپلز پارٹی کے امیدوار وزیرِ اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور بھی پولنگ اسٹیشن پہنچے اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
کمشنر پونچھ سردار وحید اور ڈی آئی جی میر جمیل نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
پہلے مرحلے میں میر پور ڈویژن کی 13 میں سے9 نشستوں پر ن لیگ اور 4 پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں 21 میں سے 15 نشستوں پر مسلم لیگ ن اور 6 پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی تھی۔
دوسری جانب گزشتہ روز پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری یاسین نے کہا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن نے اپنی مرضی سے انتخابات کروائے، موجودہ الیکشن کمشنر کے مخصوص مقاصد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کو جان بوجھ کر مخصوص مقاصد کے لیے بلایا گیا، انتخابات میں ن لیگ کو زبردستی جتوایا جا رہا ہے۔
چوہدری یاسین نے کہا کہ موجودہ الیکشن میں 2016ء کے انتخابات کی یاد تازہ کروائی گئی، ن لیگ نے 80 فیصد حلقوں پر تحقیقات پر آمادگی ظاہر کی پھر مکر گئے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمٰن نے آزاد کشمیر میں پولنگ میں تاخیر اور پیپلز پارٹی کے پولنگ ایجنٹس کو روکنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ ایل اے 16 اور 15 کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر بروقت پولنگ شروع نہ ہونا تشویش ناک ہے، ضائع وقت پورا کر کے ووٹرز کو حق رائے دہی کا مکمل موقع دیا جائے۔