• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اجے دیوگن کو متعارف کروانے والے معروف فلمساز کوکو کوہلی چل بسے

اجے دیوگن کو فلموں میں متعارف کروانے والے معروف فلمساز کوکو کوہلی دل کا دورہ پڑنے سے بمبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں چل بسے۔ ان کی عمر 77 برس تھی۔ 

وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہندی سنیما سے وابستہ تھے، انہوں نے ’پھول اور کانٹے‘ سے اجے دیوگن کو انڈسٹری میں متعارف کروایا تھا۔

ان کے دوست اور فلمساز و پروڈیوسر اشوک پنڈت نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کوئی بیماری نہیں تھی، اچانک دل کا شدید دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔

بطور ہدایت کار ان کی پہلی فلم ’پھول اور کانٹے‘ ایک تجارتی طور پر کامیاب فلم ثابت ہوئی تھی۔ اس فلم میں مدھو، امریش پوری، ارونا ایرانی اور جگدیپ نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

اسی سال انہوں نے فلم ’کہرام‘ کی ہدایت کاری کی اور اس کے بعد 1994 میں ایک بار پھر اجے دیوگن کے ساتھ ’سہاگ‘ بنائی، جس میں اکشے کمار، کرشمہ کپور اور نغمہ شامل تھے۔ یہ فلم سپر ہٹ رہی اور اس کے ذریعے پہلی بار اجے دیوگن اور اکشے کمار کی جوڑی پردہ سیمیں پر نظر آئی۔

ان کی دیگر ہدایت کردہ فلموں میں ’حقیقت‘ (1995)، ’ظلمی‘ (1999)، ’اناڑی نمبر 1‘ (1999) اور ’یہ دل عاشقانہ‘ (2002) شامل ہیں۔

بطور ہدایت کار ان کی آخری فلم ’وہ تیرا نام تھا‘ 2004 میں ریلیز ہوئی تھی۔ جنوری 2026 میں کوکو کوہلی نے ’یہ دل عاشقانہ‘ کی دوبارہ سنیما گھروں میں نمائش کے موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس بات سے بے حد خوشی ہے کہ نئی نسل کو بھی یہ فلم سینما میں دیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید