بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں 27 سالہ نوجوان کو اس کے گھر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ واقعہ گلی میں کھڑی اسکوٹر کو راستے سے ہٹانے کے معاملے پر ہونے والے جھگڑے کے بعد پیش آیا۔
پولیس نے اسی محلے میں رہنے والے تین بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقتول کے والد کے مطابق یہ تینوں بھائی ان کے بیٹے کے دوست تھے۔
مقتول کی شناخت امیت سبھروال کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک نجی کمپنی میں مارکیٹنگ کے شعبے میں کام کرتا تھا۔ ملزمان کی شناخت ابھی شاہ، سنی شاہ اور ریتک شاہ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے تینوں بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا ہے۔ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔
امیت کے والد نے کہا کہ ان کے بیٹے کو اس کے اپنے ہی دوستوں نے گولی مار کر قتل کیا۔ اس کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی اور جھگڑا اسکوٹر کو راستے سے ہٹانے کے معاملے پر شروع ہوا تھا۔
امیت رات گئے دوستوں کے ساتھ پارٹی کرنے کے بعد گھر واپس آیا تھا، جس کے بعد گلی میں کھڑے اسکوٹر کو ہٹانے پر ملزمان کے ساتھ اس کی تلخ کلامی ہو گئی۔
جھگڑا بڑھنے پر مبینہ طور پر ابھی شاہ نے پستول سے فائرنگ کر دی۔ دو گولیاں امیت کے سر میں لگیں، جبکہ ایک، ایک گولی اس کی کمر اور ٹانگ میں لگی۔ اہل خانہ اسے اسپتال لے کر روانہ ہوئے، لیکن راستے ہی میں اس کی موت ہو گئی۔