پاکستان کی سعودی عرب کےلیے برآمدات کو 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کا عزم کرلیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب میں آئندہ 2 سال کے دوران برآمدات کے ہدف کے حصول کی کوشش کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025 ءمیں سعودی عرب درآمدی منڈی کو تقریباً 1 لاکھ 69 ہزار ٹن چاول فراہم کیے، پاکستانی کے برآمدی چاول کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر تھی۔
اعلامیے کے مطابق سعودی وفد نے آئندہ برسوں میں چاول کی دوطرفہ تجارت مزید بڑھانے میں اور پاکستان سے سُرخ گوشت کی درآمد کو بتدریج دوگنا کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
اعلامیے کے مطابق پھلوں اور ان کے کنسنٹریٹس کے بارے پاکستان کے برآمدی حصے کو مزید بڑھانے کے وسیع امکانات کو اُجاگر کیا گیا، سعودی وفد نے سبز چارے کو طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کے قیام کےلیے امید افزا شعبہ قرار دیا۔
اعلامیے کے مطابق فریقین نے بھکر پنجاب میں آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کا خیرمقدم کیا، سعودی وفد نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت کی بھی ترغیب دی۔
اعلامیے کے مطابق فریقین نے لائیواسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ، چاول ویلیوچین کےلیے پاکستان کے نجی شعبے کی تجاویز کا جائزہ لیا، دونوں ممالک نے اپنی وسیع تر اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق سعودی عرب میں 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش19 سے 22 اکتوبر کو ریاض میں ہوگی، پاکستان نے اس ایونٹ میں شرکت کی دعوت کا خیر مقدم کیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں جانب نے دورے کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، فریقین نے باہمی مفاہمتوں کو عملی جامہ پہنانے کےلیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔