• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ عرب امارات نے المنہاد ایئر بیس پر حملے کی رپورٹس مسترد کر دیں

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے المنہاد ایئر بیس پر حملے کی رپورٹس مسترد کر دیں۔

متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ المنہاد ایئر بیس کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی خبریں جھوٹی ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر انور قرقاش کا کہنا ہے کہ خلیجی ریاستوں اور اردن کو نشانہ بنانے کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی حل کا آغاز کشیدگی میں کمی اور آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری آمد و رفت بحالی سے ہونا چاہیے۔

ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ مفاہمتی یادداشت سے آگے بڑھ کر مزید حقیقت پسندانہ طریقہ کار کی ضرورت ہے کیونکہ مفاہمتی یادداشت عملی اور قابل قبول لائحہ عمل فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔

اس سے قبل ایرانی جزیرہ لارک پر امریکی حملے کے جواب میں ایران نے اردن کے بعد متحدہ عرب امارات میں بھی امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔

ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے المنہاد ایئر بیس پر موجود امریکی فوجی اہلکاروں اور ہیلی کاپٹروں کو ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی فوج نے کہا ہے کہ یہ حملہ جزیرہ لارک پر پاسدارانِ انقلاب کے اہلکاروں اور ایرانی شہریوں کی شہادت کے جواب میں کیا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید