• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ: ایف بی آر افسران کو ہیڈکوارٹر الاؤنس دینے کا سروس ٹریبونل کا فیصلہ برقرار

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

 سپریم کورٹ نے ایف بی آر افسران کو ہیڈکوارٹر الاؤنس کے حوالے سے سروس ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

سماعت کے دوران ایف بی آر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سرکاری ملازمین کو ایگزیکٹو الاؤنس دیا جاتا ہے، تاہم ایف بی آر ملازمین کو ایگزیکٹو الاؤنس کے بجائے ہیڈکوارٹر الاؤنس دیا گیا، ٹائم اسکیل والے ملازمین کو یہ الاؤنس نہیں دیا جا سکتا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے استفسار کیا کہ کیا ہیڈکوارٹر الاؤنس کی منظوری وزیرِ اعظم نے دی تھی؟ جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ہدایت کی کہ الاؤنس سے متعلق سمری فوری منگوائی جائے تاکہ حقیقت کا پتہ چل سکے۔

عدالتی حکم پر دورانِ سماعت ایف بی آر ہیڈکوارٹر الاؤنس کی سمری منگوائی گئی۔

 ایف بی آر کے وکیل نے بتایا کہ ہیڈکوارٹر الاؤنس گریڈ 17 کے افسران کے لیے ہے جبکہ موجودہ درخواست گزار گریڈ 17 کے ملازمین نہیں ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ سمری میں ایسی کوئی بات نہیں لکھی، اگر ایف بی آر ٹائم اسکیل ملازمین کو علیحدہ کرنا چاہتا ہے تو دوبارہ سمری بھجوائی جائے۔

ایف بی آر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ کیس سروس ٹریبونل کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اور استدعا کی کہ عدالت فنانس ڈویژن کو نوٹس جاری کرے۔

سپریم کورٹ نے ایف بی آر کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے سروس ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔

واضح رہے کہ ایف بی آر کے 40 سے زائد ملازمین نے ٹائم اسکیل کی بنیاد پر ہیڈکوارٹر الاؤنس کے حصول کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں، جس پر سروس ٹریبونل نے ملازمین کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید