برطانوی کرکٹر نے انوکھا ریکارڈ اپنے نام کرنے کی خاطر بالنگ سے قبل 100 کلو میٹر دوڑ لگا دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی قصبے ورپلسڈن سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ سیم بوڈوانو نے ریکارڈ قائم کرنے کے لیے بالنگ سے قبل 100 کلو میٹر کا فاصلہ دوڑ کر طے کیا۔
انہوں نے شمالی لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ سے اس غیر معمولی چیلنج کا آغاز کیا اور ووکنگ کے ویلی اینڈ کرکٹ کلب پہنچ کر اپنے والد کو کرکٹ میچ کی پہلی گیند کرائی۔
کرکٹر نے یہ فاصلہ 14 گھنٹے میں مکمل کیا اور اس دوران کینسر کے خلاف کام کرنے والی روتھ اسٹراس فاؤنڈیشن کے لیے 6 ہزار پاؤنڈ جمع کیے۔
ریکارڈ کی کوشش کو باقاعدہ طور پر شمار کرانے کے لیے ضروری تھا کہ کرکٹر پوری دوڑ کے دوران کرکٹ کی گیند ہاتھ میں رکھیں، مکمل سفید کرکٹ لباس پہنے رہیں اور منزل پر پہنچنے کے بعد ہونے والے میچ میں بھی شرکت کریں۔
سیم بوڈوانو نے اپنی دوڑ کا آغاز آدھی رات کو کیا تھا، اگرچہ انہوں نے مردوں کی جانب سے کرکٹ میں سب سے طویل بولنگ رن اپ کے ریکارڈ کی کوشش مکمل کر لی، تاہم گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ ان کی درخواست کو باضابطہ شواہد کے جائزے اور تصدیقی عمل سے گزرنا ہو گا، جس میں 2 ہفتے تک لگ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مردوں کی جانب سے کرکٹ میں سب سے طویل بولنگ رن اپ کا موجودہ ریکارڈ ٹام ڈن کے پاس ہے، جنہوں نے اگست 2024ء میں مشرقی لندن کے بیتھنال گرین سے جنوبی لندن کے وانڈز ورتھ کامن تک 24 کلو میٹر (15 میل) دوڑ لگائی تھی۔
