ملائیشیا کے لیجنڈری فٹبالر داتوک عبدہ الف نے 72 سال کی عمر میں 20 سالہ خاتون سے شادی کر لی، دونوں کی عمر میں 52 سال کا فرق ہے۔
داتوک عبدہ الف کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کی ازدواجی حیثیت کے حوالے سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں بھی شروع ہو گئیں۔
بعد ازاں ان کے چھوٹے بھائی اور سابق فٹبالر داتوک یونس الف نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ شادی کی تقریب 27 اگست 2026ء کو ہوئی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ دونوں خاندان اس رشتے کے لیے رضامند تھے اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہیں آئی۔
داتوک یونس الف نے بتایا ہے کہ ممکنہ طور پر میرے بھائی اس وقت اہلیہ کے ہمراہ ہنی مون پر ہیں اور اسی وجہ سے وہ فون کالز کا جواب نہیں دے رہے۔
داتوک عبدہ الف کے ایک دوست نے بھی وائرل ہونے والی شادی کی تصاویر کو مستند قرار دیا ہے لیکن شادی کی تقریب کے مقام اور دیگر تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ داتوک عبدہ الف ملائیشیا کی فٹبال ٹیم کے سنہری دور خصوصاً 1970ء کی دہائی کے آخر اور 1980ء کی دہائی کے آغاز میں قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔
انہوں نے اپنی ٹیم کے 1980ء کے ماسکو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا تاہم بعد میں ملائیشیا نے ماسکو اولمپکس میں شرکت نہیں کی۔
