• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کترینہ کیف پر تنقید، علی ظفر حمایت میں بول پڑے

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

 پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے اداکارہ کترینہ کیف کے ماں بننے کے بعد بڑھتے وزن پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے خلاف آواز اٹھا دی۔

علی ظفر اور کترینہ کیف نے 2011ء میں ریلیز ہونے والی رومانوی کامیڈی فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ میں مرکزی کردار ادا کیے تھے۔

علی ظفر نے کترینہ کیف پر ہونے والی تنقید پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ مردوں کی یہ سوچ کیوں ہے کہ وہ خواتین کے ماضی اور موجودہ حلیے کا موازنہ کریں؟

علی ظفر نے کہا ہے کہ میں یہ بات اس لیے نہیں کر رہا کہ خود کو اس معاملے میں کوئی بڑا ماہر سمجھتا ہوں بلکہ اس لیے کہ ہم سب کو اپنے اندر جھانکنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر مردوں کو اپنے رویوں کا جائزہ لے کر ضروری اصلاح کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا ہے کہ مرد اکثر خواتین سے ان کی زندگی اور ظاہری شکل کے حوالے سے پہلے سے قائم معیار پر پورا اترنے کی توقع رکھتے ہیں، جو لوگوں کو دیکھنے کا درست طریقہ نہیں۔

علی ظفر نے کہا ہے کہ ہر شخص اپنی زندگی میں کسی نہ کسی جدوجہد سے گزر رہا ہے، اس لیے ہمیں ایک دوسرے کو سمجھنے، قبول کرنے، سراہنے اور مثبت رہنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

گلوکار نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں میں نے بھی لوگوں کی ظاہری شکل کی بنیاد پر تنقید کی ہے، جس پر مجھے فخر نہیں، مردوں کو اپنے اندر جھانک کر یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ ایسے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔

علی ظفر نے کہا ہے کہ یہ کترینہ کی زندگی ہے، انہیں اپنی زندگی جینے دی جائے، لوگوں کو اس سے کیا فرق پڑتا ہے، انہیں اپنی زندگی پر توجہ دینی چاہیے کیونکہ زندگی مختصر ہے اور خوش رہنا چاہیے۔

واضح رہے کہ کترینہ کیف کو حالیہ دنوں میں ماں بننے کے بعد وزن میں اضافے پر سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید