• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نانا پاٹیکر کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا، مداحوں کی بڑی تعداد شریک

معروف بھارتی اداکار نانا پاٹیکر کی آخری رسومات جمعرات کی شب مہاراشٹرا کے شہر پونے میں واقع ان کے فارم ہاؤس پر سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے اپنے پسندیدہ اداکار کو الوداع کہا۔

75 سالہ نانا پاٹیکر نے مبینہ طور پر اپنی خواہش ظاہر کی تھی کہ ان کی آخری رسومات ان کے فارم ہاؤس میں ادا کی جائیں، اسی خواہش کے مطابق ان کی میت کو گوا سے پونے منتقل کیا گیا۔

اس سے قبل نانا پاٹیکر کی میت گوا سے پونے انٹرنیشنل ایئرپورٹ لائی گئی، جہاں مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ دیویندر فیڈناویس نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

آخری رسومات میں مہاراشٹرا کی نائب وزیراعلیٰ سونیترا پوار، مرکزی وزراء، نام فاؤنڈیشن کے شریک بانی اور اداکار مکرند انسپورے سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی۔

بالی ووڈ اداکار جیکی شروف، ساجد، فلم ساز انیل شرما اور ساجد ناڈیاڈوالا سمیت دیگر معروف شخصیات بھی آخری رسومات میں موجود تھیں۔

نانا پاٹیکر کے آخری رسومات میں سیاست، فلم، کھیل اور سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں مداح بھی شریک ہوئے۔

خیال رہے کہ اداکار نانا پاٹیکر جمعرات کی علی الصبح گوا میں اپنے گھر پر انتقال کرگئے تھے۔ ڈاکٹروں کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑنے کا شبہ تھا۔

نانا پاٹیکر نے ’’کرانتی ویر‘‘، ’’خاموشی: دی میوزیکل‘‘ سمیت متعدد فلموں میں یادگار کردار ادا کیے اور اپنی منفرد اداکاری کے باعث بھارتی فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید