• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جانی ڈیپ کا فرانس میں 30 ایکڑ پر پھیلا خوبصورت گاؤں

جانی ڈیپ—فائل فوٹو
جانی ڈیپ—فائل فوٹو

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جانی ڈیپ نے فرانس میں عام تعطیلات گزارنے کے لیے کوئی خوبصورت گھر خریدنے کے بجائے ایک پورا گاؤں خرید کر اسے جنت نظیر وادی میں تبدیل کر دیا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جانی ڈیپ کے اس خوبصورت گاؤں میں خوبصورت رہائشی مکانات، مہمانوں کے لیے کاٹیجز، کیفے، سوئمنگ پول، باغات حتیٰ کہ اسکیٹ پارک بھی موجود ہے۔

اداکار نے 2001ء میں جنوبی فرانس کے مشہور سیاحتی مقام سینٹ ٹروپے کے قریب 19 ویں صدی کا ایک ویران گاؤں خریدا تھا۔

جانی ڈیپ نے اس جائیداد کی خریداری پر تقریباً 5 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز اور خریدنے کے بعد اس کی تزئین و بحالی پر تقریباً 1 کروڑ ڈالرز کی رقم خرچ کی۔

اداکار نے تاریخی عمارتوں کی اصل دلکشی برقرار رکھتے ہوئے گاؤں کو اپنی پسند کے مطابق ڈھالا۔

فوٹو بشکریہ گبسن سوتھبیز
فوٹو بشکریہ گبسن سوتھبیز

جانی ڈیپ نے ہر عمارت کی سجاوٹ میں ذاتی دلچسپی لی اور روایتی فرانسیسی طرزِ تعمیر کو اپنی منفرد فنکارانہ سوچ سے جوڑا۔

اس جائیداد کی سب سے دلچسپ خصوصیات میں کیفے مارشلین نامی بائسٹرو اور جانی ڈیپ کے بیٹے جیک کے لیے بنایا گیا اسکیٹ پارک شامل ہیں۔

اس منفرد گاؤں میں کئی غیر معمولی چیزیں بھی شامل ہیں، ایک پرانی چرچ کی عمارت کو مہمان خانے میں تبدیل کیا گیا ہے جب کہ ایک پرانی چرچ کی اعترافی نشست کو الماری کے طور پر استعمال کیا گیا ہے اور ایک ایسی گاڑی بھی موجود ہے جس میں کچن اور باتھ روم بنایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ یہاں فلم ’پائریٹس آف دی کیریبیئن‘ کی تھیم پر مبنی شراب خانہ بھی موجود ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ جائیداد ماضی میں فروخت کے لیے بھی پیش کی گئی تھی۔

2015ء میں اسے تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی قیمت پر فروخت کرنے کی کوشش کی گئی لیکن خریدار نہ ملنے کے بعد 2021ء میں اسے دوبارہ تقریباً 5 کروڑ 55 لاکھ ڈالرز میں مارکیٹ کیا گیا اور پھر جون 2024ء میں یہ رپورٹ سامنے آئی کہ جانی ڈیپ نے جائیداد کو مارکیٹ سے ہٹا لیا ہے اور اسے فروخت کرنے کے بجائے اس کی مزید تزئین و آرائش پر توجہ دے رہے ہیں۔

جانی ڈیپ نے اپنے پرانے انٹرویو میں اس گاؤں کی زندگی کو جنت سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں اپنی سابقہ پارٹنر وینیسا پیراڈس اور بچوں کے ساتھ یہاں رہتے ہوئے ایسا محسوس کرتا تھا کہ جیسے جنت میں ہوں۔

اداکار نے بتایا کہ میں وہاں باغبانی کرتا تھا اور پرسکون زندگی گزارتا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید