• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کائلی جینر کی وکٹوریاز سیکرٹ فیشن شو میں پہلی بار شرکت، ہیرے جڑے لباس کی تفصیلات سامنے آ گئیں

کائلی جینر---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
کائلی جینر---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

امریکی ماڈل اور کاروباری شخصیت کائلی جینر نے وکٹوریاز سیکرٹ فیشن شو میں پہلی بار شرکت کے موقع پر اپنے بچوں کے ساتھ خوبصورت لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے ماں کی ذمے داریوں کے ساتھ فیشن کی دنیا میں ایک اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔

29 سالہ کائلی جینر نے معروف فیشن شو کے ریمپ پر 5 کروڑ ڈالرز مالیت کا لباس پہن کر ڈیبیو کیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر اس ہیرے جڑے لباس کی تصاویر اور شو کے دوران بنائی گئی ویڈیوز شیئر کی ہیں۔

ویڈیو میں کائلی جینر کے بچے اسٹورمی اور ایئر اپنی والدہ کو ریمپ پر واک کرتے دیکھتے دکھائی دیے۔

سفید پروں اور قیمتی ہیروں سے مزین لباس میں ملبوس کائلی نے ریمپ پر گزرتے ہوئے بچوں کی جانب ہاتھ ہلایا، جبکہ ایئر کیمرے کی جانب دیکھ کر مسکراتے رہے۔

ووگ جرمنی کی جانب سے شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں بھی کائلی جینر اپنے بیٹے ایئر کو گود میں اٹھاتی دکھائی دیں۔

اس موقع پر ان کے بوائے فرینڈ ٹیموتھی شالامے اور والدہ کرس جینر بھی ان کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود تھے۔

ووگ کے مطابق 5 کروڑ ڈالرز مالیت کے لباس کا وزن تقریباً 4 پاؤنڈ تھا، جسے 4 ہزار 410 قدرتی ہیروں اور 75.54 قیراط کے زرد ہیرے سے سجایا گیا تھا، اس شاہکار کی تیاری میں 15 ماہر کاریگروں نے 1 ہزار گھنٹے کام کیا۔

وکٹوریاز سیکرٹ نے فیشن شو سے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ معروف جیولری برانڈ جیکب اینڈ کمپنی نے کائلی جینر کے اس خصوصی لباس کی تیاری میں اشتراک کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید