• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انوپ جلوٹا کا سلمان خان سے بشنوئی برادری سے معافی مانگنے کا مطالبہ

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

بھارتی بھجن گلوکار انوپ جلوٹا نے ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سلمان خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے بشنوئی برادری سے معافی مانگیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے آئی اے این ایس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ 1998ء میں کالے ہرن کے شکار کے مقدمے پر بشنوئی برادری کی ناراضی دور کرنا ضروری ہے، سلمان خان کی جانب سے معافی مانگنے سے مزید واقعات کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔

انوپ جلوٹا کا کہنا ہے کہ میں اس سے پہلے بھی سلمان خان سے معافی مانگنے کی اپیل کر چکا ہوں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ معاملہ حل نہ ہونے کی صورت میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے افراد اور ان کے اہلِ خانہ بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

بھجن گلوکار نے سلمان خان پر زور دیا ہے کہ سلمان خان بشنوئی برادری سے معافی مانگنے کا واضح فیصلہ کریں تاکہ یہ کشیدگی ختم ہو سکے۔

یہ بیان ممبئی کے علاقے جوہو میں اتوار کی شام ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فٹ بال میچ کھیل کر واپس جانے والے اداکار کی گاڑی پر موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔

واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور اور ایک راہ گیر کو گولیاں لگیں۔

دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ اور آڈیو پیغام بھی سامنے آیا، جس میں لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق کا دعویٰ کرنے والے افراد نے فائرنگ کی ذمے داری قبول کی، پیغامات میں سلمان خان سے بشنوئی برادری سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا اور اداکار سے وابستہ افراد کو دھمکیاں بھی دی گئیں۔

سلمان خان اور لارنس بشنوئی کے درمیان کشیدگی کی وجہ 1998ء میں راجستھان میں کالے ہرن کے شکار کا واقعہ ہے۔

بشنوئی برادری کالے ہرن کو مقدس سمجھتی ہے، جس کے باعث یہ معاملہ طویل عرصے سے تنازع کا سبب بنا ہوا ہے۔

سلمان خان کو گزشتہ کئی برسوں سے دھمکیوں کا سامنا ہے، اپریل 2024ء میں ممبئی کے علاقے باندرہ میں ان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے بعد ان کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات مزید بڑھ گئے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید