بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے بگ باس 20 کی ایک قسط میں شرٹ اتارنے کے وائرل ہونے والے لمحے کی وجہ بتا دی۔
حالیہ قسط میں سلمان خان نے امیدواروں کے ساتھ دلچسپ گفتگو کے دوران اپنے شرٹ اتارنے کے واقعے کا ذکر کیا اور بتایا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا۔
یاد رہے کہ سلمان خان نے یہ حرکت اپنے بھائی سہیل خان کے جسمانی حلیے میں نمایاں تبدیلی پر سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے چند روز بعد کی تھی، جس پر بعض لوگوں کا خیال تھا کہ سلمان نے بھائی کو جسمانی ساخت پر تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو جواب دیا ہے۔
تاہم تازہ قسط میں سلمان خان نے واضح کیا کہ میں نے شرٹ اس لیے نہیں اتاری تھی کہ میں اپنی فٹنس کا مظاہرہ کرنا چاہتا تھا، بلکہ میں یہ بتانا چاہتا تھا کہ فی الحال میرے جسم پر سکس پیک ایبس نہیں ہیں اور میری فٹنس پر ابھی کام جاری ہے۔
سلمان خان نے کہا کہ میں نے شرٹ اس لیے اتاری تاکہ سب کو دکھا سکوں کہ اس وقت میرے سکس پیک ایبس نہیں ہیں۔
اداکار کا کہنا ہے کہ مجھے خود نہیں معلوم کہ لوگوں نے میری موجودہ جسمانی ساخت کو کیوں پسند کیا، تاہم ابھی مجھے فٹنس کے لیے مزید ایک سے دو ماہ درکار ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ میں فٹ ہونے کے بعد شرٹ لیس نہیں ہوا بلکہ اس وقت شرٹ اتاری جب میں ابھی مکمل طور پر فٹ نہیں تھا۔
رپورٹس کے مطابق سلمان خان اپنی اگلی فلم ’مونسٹر‘ کے لیے جسمانی ساخت بہتر بنانے پر سخت محنت کر رہے ہیں، جس کی شوٹنگ 2027ء میں شروع ہونے کی توقع ہے۔