گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر امیر مقام کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں فیصل کریم کنڈی اور امیر مقام نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج پر اتفاق کیا۔
ذرائع کے مطابق امیر مقام نے کہا کہ گورنر راج آئینی راستہ ہے، حالات کے مطابق فیصلہ ہوسکتا ہے، اِن ہاؤس تبدیلی مثبت پیشرفت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے دوران گفتگو موجودہ صورتحال میں ہم خیال پارٹیز کی کانفرنس بلانے کی تجویز دی اور مشترکہ حکمت عملی پر زور دیا۔
ملاقات میں گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت جب چاہے، خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ریاست کے بجائے دہشت گردوں کے ساتھ ہیں۔
آج میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی کہہ چکے ہیں کہ جو ملک کے آئین و قانون کو نہیں مانتا، اس کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان سےجو ڈرون آتے ہیں، ہمارے لوگ شہید ہوتے ہیں کیا اس پر انہوں نے کبھی بات کی؟ سب سے پہلے امن ہے، باقی چیزیں بعد میں ہیں، صوبے میں دہشتگردی کو کنٹرول کرنا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں۔