امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ صومالی قزاقوں سے پاکستانیوں کے رہائی کے معاملے میں حکومت بروقت موثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی۔
لاہور سے جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قزاقوں کی فائرنگ سے 3 پاکستانی شہریوں کی شہادت افسوسناک سانحہ ہے، حکومتِ پاکستان بروقت مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے ہر سطح پر آواز اٹھائی گئی، احتجاج کیا گیا، کراچی میں متاثرہ خاندانوں کے احتجاجی کیمپ کو بھی اکھاڑ دیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حکومت کی ناکافی کوششوں اور غفلت کے باعث 3 پاکستانی شہری اپنی جانوں سے گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس سانحے کی ذمے داری کا تعین کرتے ہوئے حقائق قوم کے سامنے لانے چاہئیں۔