• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے ایران کو امریکی شہر تباہ کرنے کا مشورہ نہیں دیا: وائٹ ہاؤس کی وضاحت

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ— فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ— فائل فوٹو

وائٹ ہاؤس نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو امریکا کے بڑے شہروں لاس اینجلس اور سان ڈیاگو کو تباہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی ہے جب ڈیموکریٹس نے ٹرمپ کے ایک بیان پر اعتراض کیا ہے۔

پیر کو ریاست نیبراسکا میں وسط مدتی انتخابات کے سلسلے میں ایک ریلی کے دوران ٹرمپ کی گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے باعث تیل کی بلند قیمتیں تہران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے ادا کی جانے والی قیمت کے سامنے معمولی ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ یہ قیمت کچھ زیادہ ہے، لیکن دنیا کو محفوظ رکھنے اور اپنے ملک کو محفوظ رکھنے کے لیے یہ ایک معمولی قیمت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران ایک شہر کو تباہ کر سکتا ہے، انہیں لاس اینجلس کو تباہ کرنے دیں، انہیں سان ڈیاگو کو تباہ کرنے دیں، یہ بہت معمولی قیمت ہے اور یہ بہت جلد ختم ہو جائے گا۔

کیلی فورنیا کی حکومتی جماعت ڈیموکریٹس نے 80 سالہ ریپبلکن صدر پر الزام عائد کیا کہ وہ ایران کو دونوں شہروں کو نشانہ بنانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ لاس اینجلس اور سان ڈیاگو کیلی فورنیا میں واقع ہیں۔

کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے ایکس پر امریکی صدر کے بیان پر ردِعمل اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اب کہہ رہے ہیں کہ ہمارے غیر ملکی دشمنوں کو لاس اینجلس اور سان ڈیاگو کو تباہ کر دینا چاہیے، امریکی صدر غیر متوازن اور خطرناک ہیں۔

امریکی ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک اقلیتی رہنما حکیم جیفریز نے ایکس پر کہا کہ کسی امریکی شہر کی جوہری تباہی کوئی ہنسی مذاق کی بات نہیں۔

ادھر وائٹ ہاؤس نے اصرار کیا ہے کہ ٹرمپ ایران کی جانب سے لاحق خطرے کی بات کر رہے تھے۔

وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر ہونے والی تنقید کو میڈیا کی غیر ضروری گھبراہٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حقیقت پر مبنی نہیں۔

وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر برائے مواصلات اسٹیون چیونگ نے ایکس پر کہا کہ صدر واضح طور پر یہ بتا رہے تھے کہ اگر ایران کے جوہری پروگرام کو روکا نہ جاتا تو امریکی شہروں کو خطرہ لاحق ہوتا۔

وائٹ ہاؤس کے ریپڈ رسپانس اکاؤنٹ نے بھی لاس اینجلس ٹائمز کی اس سرخی پر اعتراض کیا ہے جس میں کہا گیا کہ ٹرمپ نے ایران کو لاس اینجلس اور سان ڈیاگو کو تباہ کرنے کی تجویز دی ہے۔

ریپڈ رسپانس نے کہا کہ نہیں! صدر ٹرمپ نے ایسا نہیں کہا، وہ یہ کہہ رہے تھے کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار کے ذریعے لاس اینجلس اور سان ڈیاگو کو تباہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرنے سے روکنے کے لیے جنگ کر رہا ہے اور اگر ایران کو موقع ملتا تو وہ ایسا کرتا۔

واضح رہے کہ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات سے قبل آخری ماہ میں انتخابی مہم کے لیے مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

ریپبلکن جماعت کو خدشہ ہے کہ ایران جنگ اور مہنگائی کے باعث ووٹرز میں پیدا ہونے والی ناراضی کے نتیجے میں کانگریس پر اس کی گرفت ختم ہو سکتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید