سپریم کورٹ نے خاتون کو اپنے ہی بچے کے قتل کے الزام سے عدم شواہد پر بری کر دیا۔
جسٹس ملک شہزاد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، ملزمہ کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ سہالہ میں مقدمہ درج تھا۔
وکیل صفائی نے کہا کہ ملزمہ پر اپنے ہی بچے کو جلا کر مارنے کے کوئی ٹھوس شواہد نہیں، ملزمہ کے خلاف کوئی براہ راست گواہ بھی موجود نہیں۔
عدالت میں سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزمہ نے ایک ٹی وی شو میں بچے کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔
جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ صرف ٹی وی پروگرامز قابلِ قبول شواہد نہیں، دیگر شواہد ہونے چاہئیں، تفتیشی افسر نے اس مقدمے میں اپنی ذمے داری پوری نہیں کی۔
جسٹس ملک شہزاد نے کہا کہ گواہیوں اور میڈیکل رپورٹ میں تضاد ہے۔