• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ہیرو بننے کے چکر میں ایکٹر مت کھونا‘ شاہ رخ خان نانا پاٹیکر کی نصحیت یاد کرتے ہوئے افسردہ ہوگئے

فوٹو: ایکس شاہ رخ خان
فوٹو: ایکس شاہ رخ خان 

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے نانا پاٹیکر کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مجھے  نصحیت  کی تھی کہ ’’ہیرو بننے کے چکر میں ایکٹر مت کھونا۔‘‘

شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پر نانا پاٹیکر کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ نانا سے ملنے پر گھبراہٹ اور عقیدت کے باعث اپنے بالوں سے کھیلنے لگے تھے، جس پر نانا نے ان کا ہاتھ جھٹک کر کہا تھا، ’’ہیرو کی طرح بال مت بنا، تو ایکٹر ہے۔‘‘

شاہ رخ خان کے مطابق نانا پاٹیکر کبھی خوشامد نہیں کرتے تھے اور نہ ہی وہ بات کہتے تھے جو سامنے والا سننا چاہتا ہو، بلکہ وہی کہتے تھے جو سننا ضروری ہوتا تھا۔

انہوں نے نانا پاٹیکر کو بے تکلف، سخت مزاج، ایماندار اور خوبصورت مسکراہٹ رکھنے والا انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ محبت کا اظہار بھی اپنے منفرد انداز میں کرتے تھے۔ پہلے ڈانٹتے اور پھر چند سخت جملوں کے درمیان ہی احساس ہوتا کہ وہ گلے لگا رہے ہیں۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ نانا پاٹیکر ان کے لیے استاد، رہنما، نقاد اور دوست سب کچھ تھے۔ انہوں نے بتایا کہ نانا ان سمیت اردگرد موجود سب لوگوں کو کیرم کے کھیل میں بار بار شکست دیتے اور اپنی کامیابی سے لطف اندوز ہوتے تھے۔

اداکار نے نانا کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی شدت، قہقہے، دیوانگی اور محبت ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں گے۔ ان کی خواہش تھی کہ نانا کے ساتھ مزید باتیں، ایک اور بحث، چائے کا ایک اور کپ اور کیرم کا ایک اور کھیل کھیلنے کا موقع ملتا۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ نانا پاٹیکر کی کمی صرف بھارتی سنیما ہی نہیں بلکہ بھارت اور دنیا بھر کے لوگوں کے دلوں میں محسوس کی جائے گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید