• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان کی وفد کے ہمراہ ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی اور مولانا فضل الرحمان کو تحریک انصاف اور حکومت کے درمیان مذاکرات سے آگاہ کیا گیا۔

جے یو آئی کے وفد میں مولانا لطف الرحمان، سینیٹر کامران مرتضیٰ، سنیٹر مولانا عطاء الحق درویش شامل تھے۔

ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات وزیر اعظم کی دعوت پر ہو رہی ہے، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہو گی، وزیراعظم ہاؤس روانگی سے قبل پی ٹی آئی قیادت کو اعتماد میں لیا گیا۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فون کر کے مولانا فضل الرحمان کو عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد دی، وزیراعظم نے ملاقات کے لیے مولانا فضل الرحمان کو وزیراعظم ہاؤس آنے کی دعوت دی تھی۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی ملاقات کی دعوت کو مولانا فضل الرحمان نے قبول کر لیا، دونوں کے درمیان ملاقات جلد متوقع ہے۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم سے خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ تناؤ کم کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

ذرائع جے یو آئی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کا مولانا فضل الرحمان  سے 2 دن میں چوتھی بار رابطہ ہوا، ملاقات میں خیبر پختونخوا کی صورت حال پر مختلف آپشنز پر مشاورت ہوگی، وزیر اعظم نے صوبے کی صورت پر دیگر سیاسی قائدین کو بھی اعتماد میں لیا ہے، مولانا فضل الرحمان وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کے لیے جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید