• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صرف 30 سیکنڈز کی ورزش اور بلڈ پریشر میں حیرت انگیز کمی، نئی تحقیق میں انکشاف

برطانوی محققین نے ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ عضلات کو ایک ہی پوزیشن میں کھینچ کر رکھنے والی ورزش (Isometric Exercise) بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے کے لیے انتہائی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔

معروف سائنسی جریدے 'بی ایم جے اوپن اسپورٹ اینڈ ایکسرسائز میڈیسن' میں شائع اس اہم طبی تحقیق میں 100 ایسے بالغ افراد کا مشاہدہ کیا گیا جو نسبتاً سست طرزِ زندگی گزارتے تھے اور جن کا بلڈ پریشر ہلکا سا زیادہ تھا۔

اس ورزش میں دیوار کے ساتھ پیٹھ لگا کر کرسی کی طرح بیٹھنا پڑتا ہے، جس سے ٹانگوں اور جسم کے اندرونی عضلات میں کھچاؤ پیدا ہوتا ہے اور عضلات عارضی طور پر خون کے بہاؤ کو روکتے ہیں۔

جب پوزیشن چھوڑی جاتی ہے تو خون کا ایک جھٹکا شریانوں سے گزرتا ہے جس سے نائٹرک آکسائیڈ خارج ہوتی ہے، جو شریانوں کو چوڑا اور پرسکون کرتی ہے۔

تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ جن لوگوں نے ہفتے میں تین بار یہ ورزش کی، ان کا بلڈ پریشر سب سے زیادہ کم ہوا، تاہم جن لوگوں نے ہفتے میں صرف ایک بار بھی یہ 30 سیکنڈز کی ورزش کی، ان کے بلڈ پریشر میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بلند فشارِ خون دل کے دورے اور فالج کا خطرہ بڑھاتا ہے، اس لیے یہ آسان اور مختصر ترین ورزش کم وقت میں صحت کے بڑے فوائد حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔


نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

صحت سے مزید