• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈبل ذیابیطس کیا ہے؟ علامات و پیچیدگیوں سے کیسے بچا جائے؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

ذیابیطس کی پہلی قسم (ٹائپ 1) کے مریضوں میں انسولین کے خلاف مزاحمت پیدا ہونے سے خون میں شکر کو قابو کرنا مشکل ہوتا ہے، اس کیفیت کو عام طور پر ’ڈبل ذیابیطس‘ کہا جاتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق خون میں شکر کی مسلسل زیادتی دل، آنکھوں، اعصاب اور گردوں کو نقصان پہنچانے کا اہم سبب بنتی ہے۔

ٹائپ 1 ذیابیطس میں جسم کا مدافعتی نظام انسولین بنانے والے خلیوں کو نقصان پہنچاتا ہے جبکہ انسولین کے خلاف مزاحمت میں جسم انسولین کو مؤثر طریقے سے استعمال نہیں کر پاتا، یہ کوئی باقاعدہ طبی تشخیص نہیں تاہم اس کیفیت سے ذیابیطس کی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ابتدائی علامات کیا ہیں؟

’ڈبل ڈائبٹیز‘ کی ممکنہ علامات میں خون میں شکر کی مسلسل زیادتی، تھکاوٹ، زیادہ پیاس لگنا، بار بار پیشاب آنا اور شکر کو قابو میں رکھنے میں دشواری شامل ہے تاہم ان علامات کی دوسری وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔

قے، پیٹ میں درد، تیز یا گہری سانسیں، ذہنی الجھن اور شدید غنودگی ذیابیطس کی خطرناک پیچیدگی کی نشانیاں ہیں جن میں فوری طبی امداد ضروری ہے۔

کن افراد کو زیادہ خطرہ ہے؟

پیٹ کے گرد چربی، جسمانی سرگرمی کی کمی، غیر متوازن غذا اور خاندان میں دوسری قسم کی ذیابیطس (ٹائپ 2) کی تاریخ انسولین کے خلاف مزاحمت کا خطرہ بڑھا دیتی ہے، تاہم یہ مسئلہ دبلے افراد میں بھی ہو سکتا ہے اور اس کی وجہ صرف چینی کا زیادہ استعمال نہیں۔

ڈبل ڈائبٹیز کے جسم پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟

خون میں شکر مسلسل زیادہ رہنے سے دل کے دورے اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، آنکھوں کی بینائی متاثر ہوتی ہے اور اعصاب کو نقصان پہنچنے سے ہاتھوں اور پیروں میں درد، جلن یا سن ہونے کی شکایت ہوتی ہے۔

یہ کیفیت گردوں کو بھی متاثر کرتی ہے، ابتداء میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں لیکن پیشاب میں پروٹین آنا اور گردوں کی کارکردگی کم ہونا نقصان کی نشانیاں ہیں، شدید صورتوں میں ڈائلیسس یا گردے کی پیوندکاری کی ضرورت بھی پڑ سکتی ہے۔

ڈبل ڈائبٹیز سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟

طبی ماہرین کے مطابق پیچیدگیوں کا خطرہ کم کرنے کے لیے متوازن غذا استعمال کریں، باقاعدگی سے ورزش کریں، وزن مناسب رکھیں اور خون میں شکر، فشارِ خون اور کولیسٹرول کی نگرانی کریں، تمباکو نوشی سے اجتناب بھی ضروری ہے۔

ذیابیطس کے مریض باقاعدگی سے آنکھوں، پاؤں اور گردوں کا معائنہ کروائیں کیونکہ پیچیدگیاں ابتدائی مرحلے میں علامات کے بغیر بھی پیدا ہو سکتی ہیں، ورزش کے دوران خون میں شکر کی کمی سے بچنے کے لیے ڈاکٹر کی ہدایات پر عمل کریں۔

اہم ہدایت: ٹائپ 1 ذیابیطس میں انسولین ضروری ہے، اگر خون میں شکر مسلسل زیادہ رہے یا اسے قابو کرنا مشکل ہوجائے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں، انسولین کی مقدار خود تبدیل نہ کریں۔


نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

صحت سے مزید