• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

واشک: سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گرد ہلاک

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع واشک میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 12 اور 13 اکتوبر کی درمیانی شب فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے فوری اور فیصلہ کُن کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کر دیا، جس کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

اس حوالے سے صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی، دہشت گردوں کے غیر ملکی سر پرستوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید