اینٹی کرپشن گوجرانوالہ میں اعلیٰ افسران سمیت 80 فیصد سیٹیں خالی ہونے سے محکمہ غیر فعال ہو گیا ،کروڑوں روپے کے میگا کرپشن کیسز سمیت 1300 سے زائد انکوائریاں التواء کا شکار ہو گئیں ہیں ۔
پنجاب میں صوبائی محکموں کی کرپشن کے خلاف کام کرنیوالے اکلوتے ادارے اینٹی کرپشن گوجرانوالہ میں اعلیٰ افسران سمیت 80 فیصد ملازمین کی سیٹیں خالی ہونے کی وجہ سے محکمہ غیر فعال ہو گیا ہے ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر انویسٹی گیشن کی چھ، چھ سیٹوں میں سے پانچ ،پانچ خالی پڑی ہیں، 8 اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل میں سے اس وقت صرف دو کام کر رہے ہیں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل اور پراسیکیوشن جیسی اہم سیٹیں بھی کئی سالوں سے خالی ہیں ۔
چھ اضلاع کے مقدمات کی تفتیش کیلئے صرف 7 انسپکٹر ہیں ، اس بارے میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن رانا عبدالشکور نے جیو نیوز کو بتایا کہ افسران اور عملہ کی کمی کے بارے میں حکام بالا آگاہ ہیں اور جلدہی ڈیپوٹیشن پر دوسرے محکموں سے افسران کو لانے کے ساتھ ساتھ نئی بھرتی بھی کی جائیگی۔