مہنگائی کے خلاف دنیا بھر میں عوام سڑکوں پر نکل رہے ہیں، اسپین، اٹلی، فرانس، بیلجیئم، پرتگال اور یونان سمیت مختلف ممالک میں مظاہرے جاری ہیں۔
یونان میں سڑکوں پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کا کہنا ہے کہ تنخواہیں بہتر کی جائیں، سستی رہائش دی جائے اور تعلیم کے لیے فنڈز بڑھائے جائیں۔
سینیگال میں مہنگائی اور قوتِ خرید میں کمی کے خلاف مزدور ہڑتال پر چلے گئے، فرانس اور اٹلی میں مہنگے ایندھن، کم آمدنی اور بنیادی ضروریات زندگی کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
اسپین اور پرتگال میں مہنگے کرایوں اور رہائش کے بحران سے تنگ عوام احتجاجاً سڑکوں پر نکلے، بیلجیئم میں اساتذہ اور دیگر شعبوں کے افراد نے حکومتی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا۔
البانیہ میں طلبہ نے تعلیمی اخراجات میں کمی اور بدعنوانی کے خلاف مظاہرے کیے، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔