بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان شادی کے چند ماہ بعد ہی اپنی اہلیہ گوری سپراٹ کے ساتھ نئے گھر کی تلاش میں نکل پڑے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کے اختتام یا 2027ء کے آغاز میں عامر خان اور گوری سپراٹ کے نئی رہائش گاہ منتقل ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی اداکار اہلِ خانہ کے ہمراہ اس وقت ممبئی کے پالی ہل علاقے میں ایک کرائے کی عمارت کے 4 اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہیں، تاہم عمارت کی انتظامیہ نے تعمیرِ نو کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے باعث اداکار اور ان کے اہلِ خانہ کو وہ جگہ خالی کرنا پڑے گی۔
رپورٹ کے مطابق عامر خان اور گوری سپراٹ کے نئے کرائے کے گھر کی تزئین و آرائش بھی جاری ہے، جسے اداکار کی پسند اور ضروریات کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی اداکار اس سے قبل بھی ممبئی کے یونین پارک میں واقع اپنے مستقل گھر سے تعمیرِ نو کے باعث منتقل ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق عامر خان کی پرانی رہائش گاہ بیلا وسٹا اور مرینا اپارٹمنٹس کمپلیکس میں واقع ہے، جہاں تعمیراتی کام جاری ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اداکار کی مستقل رہائش گاہ کی تعمیر مکمل ہونے میں کئی سال لگ سکتے ہیں اور نیا گھر 2030ء کے قریب تیار ہونے کی توقع ہے۔