پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ ریفرنڈم کسی بھی مسئلے کا بہترین حل ہے، صوبوں کا قیام عوام کی مرضی سے آئین اور قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی صوبوں کے معاملے پر وسیع مشاورت کرے گی، دونوں کمیٹیوں کی سفارشات بانی پی ٹی آئی کو بھیجی جائیں گی، فیصلہ بانی پی ٹی آئی خود کریں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کا ڈرافٹ پارلیمنٹ میں آنے تک کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا، اس وقت صوبوں کے معاملے پر حکومت کی صفوں میں دراڑیں ہیں، ابھی حکومتی وزرا کو بھی نہیں معلوم کہ کیا ہونے جارہا ہے۔