بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے بھارت میں کنسرٹ کے دوران اپنے گانوں پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے معروف پاکستانی شاعر منیر نیازی کے اشعار سنا دیے۔
گلوکار نے ہفتے کی شب بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں منعقدہ کنسرٹ کے دوران اپنے گانوں میں شراب اور دیگر نشہ آور اشیاء کے حوالوں پر ہونے والی تنقید اور پابندیوں کے مطالبات پر دو ٹوک انداز میں بات کی۔
دلجیت دوسانجھ نے گزشتہ برس اسی اسٹیڈیم میں برطانوی بینڈ کولڈ پلے کی پرفارمنس کا ذکر کرتے ہوئے دہرے معیار پر سوال اُٹھایا کہ غیر ملکی فنکاروں کے گانوں میں کہے جانے والے اشعار و الفاظ پر اعتراض کیوں نہیں کیا جاتا، جبکہ اسی نوعیت کے حوالوں پر مشتمل گانے پیش کرنے پر مجھ پر پابندیاں عائد کی جاتی ہیں۔
اپنی بھارتی شناخت کے حوالے سے اٹھائے جانے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے گلوکار نے کہا کہ بعض لوگ کہتے ہیں کہ میں بیرونِ ملک سے آیا ہوں جبکہ میں بھارت میں ہی پیدا ہوا ہوں اور دنیا بھر کے دوروں میں میرے ساتھ سفر کرنے والے موسیقار بھی بھارتی ہیں۔
اپنی پرفارمنس شروع کرنے سے قبل ناقدین کو جواب دیتے ہوئے دلجیت دوسانجھ نے معروف پاکستانی شاعر منیر نیازی کی ایک نظم کے اشعار بھی سنائے۔
گلوکار نے ناقدین کو براہِ راست جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ مجھے اشتعال دلائیں گے تو میں جواب دوں گا، مجھے نہ اکسائیں، میں اپنا شو کروں گا اور چلا جاؤں گا، آپ جس شخص سے لڑائی مول لینے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ اس جگہ کو بہت پہلے ہی چھوڑ چکا ہے۔
دلجیت دوسانجھ کے گانوں پر تنقید اور ان کی پرفارمنس پر پابندی کے مطالبات بنیادی طور پر چندی گڑھ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر اور سماجی کارکن ڈاکٹر پنڈت راؤ دھاریناور کی جانب سے سامنے آئے ہیں۔
کنسرٹ سے قبل پروفیسر نے حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ دلجیت دوسانجھ کو ان کے 4 گانے، جن میں پٹیالہ پیگ، 5 تارا، جٹ وچ فائر اور جٹ فائر کردا شامل ہیں، پیش کرنے سے روکیں۔
ان کا مؤقف تھا کہ ان گانوں کے بول میں شراب، منشیات اور اسلحے کے کلچر کو فروغ دینے والے حوالے موجود ہیں، سماجی کارکن نے اس معاملے پر گجرات ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔
واضح رہے کہ دلجیت دوسانجھ ان دنوں اپنے ’اورا ورلڈ ٹور 2026ء‘ کے سلسلے میں بین الاقوامی دورے پر ہیں، اب ان کا اگلا کنسرٹ 27 نومبر کو ممبئی میں ہو گا، جس کے بعد وہ 29 نومبر کو بنگلورو میں پرفارم کریں گے۔
گلوکار سال کا اختتام 31 دسمبر کو ابوظبی میں نئے سال کی آمد کے موقع پر ہونے والی خصوصی پرفارمنس کے ساتھ کریں گے۔