• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

500 کروڑ تو کیا اسکی 10 فیصد دولت بھی نہیں، کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہتا ہوں، انوپم کھیر

بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان دعووں پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے جن میں یہ کہا گیا کہ انکی مجموعی دولت 400 سے 500 کروڑ روپے ہے۔ 

ان اعداد و شمار کو مسترد کرتے ہوئے 71 سالہ اداکار نے کہا ان کے پاس دعویٰ کی گئی رقم کا 10 فیصد بھی موجود نہیں۔ وہ اس وقت ایک کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں، انہوں نے اپنا گھر اداکارہ عالیہ بھٹ کو فروخت کردیا تھا۔

ایک یوٹیوب چینل پر گفتگو کے دوران انوپم کھیر نے کہا کہ جس دن سے کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہنے کا فیصلہ کیا، اسی دن سے خود کو آزاد محسوس کررہا ہوں۔ یہ فیصلہ انہوں نے 10 سال قبل کیا تھا۔ اب انہیں جائیداد کی دیکھ بھال یا اس حوالے سے کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوتی۔

انوپم کھیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف اپنی والدہ کے لیے شملہ میں ایک گھر خریدا ہے، جبکہ وہ اور ان کے بھائی دونوں کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں اور اس میں خوش ہیں۔ 

انھوں نے سوشل میڈیا پر دعووں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کے ذہنوں میں یہ تاثر ہے کہ میں بہت امیر ہوں۔ لیکن میرے پاس 400 سے 500 کروڑ تو کیا اسکا 10 فیصد  بھی نہیں ہے۔ ان کے دوست انٹرنیٹ پر یہ اعداد و شمار دیکھ کر آجکل ان سے مذاق کرتے اور کہتے ہیں کہ اس رقم میں سے انہیں بھی کچھ دے دیں۔

جہاں تک کام کا تعلق ہے تو انوپم کھیر نے حال ہی میں نتیش تیواڑی کی فلم رامائن میں جتایو کے کردار کو اپنی آواز دی ہے۔ اب وی سورج برجاتیا کی فلم یہ پریم مول لیا میں آیوشمان کھرانہ اور شروری کے ساتھ نظر آئیں گے۔ یہ فلم 27 نومبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید