• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: 1 لاکھ ریٹائر فوجیوں کو جنگ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کیوں کی گئی؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

برطانیہ نے ممکنہ جنگی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اپنی فوجی تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارتِ دفاع نے خط لکھ کر آرمی، رائل نیوی اور رائل ایئر فورس کے تقریباً 1 لاکھ ریٹائر فوجیوں کو ضرورت پڑنے پر دوبارہ فوجی خدمات کے لیے طلب کیے جانے کے حوالے سے تیار رہنے کو کہا ہے۔

خط میں سابق فوجیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے رابطے کی تفصیلات کی تصدیق کریں اور فوج سے ریٹائرمنٹ کے بعد حاصل کردہ اپنی موجودہ ملازمت، تجربے اور مہارتوں کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔

برطانوی وزیرِ دفاع ویس اسٹریٹنگ نے کہا ہے کہ  یہ ایک ضروری احتیاطی اقدام ہے، جس کا مقصد کسی جنگ کی صورت میں فوری طور پر دستیاب افرادی قوت اور مہارتوں سے فائدہ اٹھانا ہے۔

انہوں نے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک شدید خطرے میں کام کر رہا ہے۔

ویس اسٹریٹنگ نے واضح کیا ہے کہ ریٹائر فوجیوں سے رابطہ کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ برطانیہ کو فوری طور پر جنگ کے خطرے کا سامنا ہے۔

انہوں نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ اس اقدام کو خوف کی بجائے اطمینان کا باعث سمجھنا چاہیے، کیونکہ حکومت کا مقصد کسی ممکنہ بحران سے پہلے اپنی دفاعی تیاری مکمل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی حکومت کی جانب سے سرد جنگ کے خاتمے کے بعد پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں اسٹریٹجک ریزرو سابق فوجیوں سے باضابطہ رابطہ کیا جا رہا ہے۔

دفاعی حکام کا خیال ہے کہ جدید جنگ میں سائبر سیکیورٹی، انٹیلیجنس، طب اور مواصلات جیسے شعبوں کی مہارت بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے، اسی لیے سابق فوجیوں کی موجودہ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید