ایران نے کہا ہے کہ کویت پر ڈرون حملہ امریکا اور اسرائیل کا فالس فلیگ آپریشن ہے، وہ خطے میں نئے حملوں کا جواز گھڑنا چاہ رہے ہیں۔
روم میں ایرانی سفارتخانے نے اس حوالے سے بیان میں مزید کہا کہ کویت پر ڈرون حملہ ایران نے نہیں کیا۔ اس حملے میں 2 اطالویوں سمیت 4 افراد مارے گئے ہیں۔
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف علی عبداللہی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کی بری، بحری اور فضائی افواج تیار ہیں، دشمن کو سخت جواب دیا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق سرحدوں پر جدید ہتھیاروں سے لیس مزید فوج تعینات کردی گئی ہے۔ حکام نے ایرانی فضائی حدود کو ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کا جو جہاز اس طرف آیا اسے مار گرایا جائے گا۔
اسی دوران ایرانی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکا کے قبضے سے اپنے دو تیل بردار بحری جہاز چُھڑا لیے ہیں۔