• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لڑائی کا فائنل راؤنڈ شروع ہوجائے تو ایسے موقع پر انگریزی کا یہ مشہور محاورہ بولا جاتا ہےThe knives are outیعنی خنجر یا چاقو نکل آئے ہیں اور اب لڑائی End Game یعنی آخری انجام تک جائیگی مگر چونکہ یہ جھوٹا اور دونوں طرف سے مسترد شدہ صحافی لڑائی جھگڑے کیخلاف ہے اور ہمیشہ سے ہی مفاہمت کو ملک کے سیاسی بحران کا واحد حل سمجھتا اور کہتا رہا ہے اسلئے اس نے چاقو نکل آنےکو ’’چاقو مت نکالو‘‘ کردیا ہے کیونکہ چاقو نکالنے اور برتنے کا ارادہ کرنے والوں کو خود بھی معلوم نہیں ہوتا کہ ایک بار چاقو باہر نکل آئیں تو کچھ پتہ نہیں ہوتا کہ کون گھات بنے گا اور کون ہدف کو پائیگا۔ لڑائی ذاتی ہو یا سیاسی، گزند فاتح اور مفتوح دونوں کو پہنچتا ہے مفتوح فوراً انجام کی طرف جاتا ہے اور فاتح کا اپنے انجام کی طرف سفر تیز تر ہو جاتا ہے اسی لئے عقلمند سیاستدان اور سمجھدار عامیان کبھی چاقو نہیں نکالتے۔ وہ ہمیشہ درمیانی راستہ نکالتے ہیں اور یوں وُہ ملک وملت کا بھلا کرتے ہیں۔ لڑنے کے شوقین اور لڑانے کے موئدین فتح حاصل کرکے بھی بڑا خسارہ کمالیتے ہیں کیونکہ فتح وشکست کے زخم اور داغ بھلائے نہیں بھولتے اور لڑائیوں کے کڑوے پھل دہائیوں تک کھانے پڑتے ہیں۔تضادستان میں چاقو باہر نکلے ہوئے ہیں حملہ آوروں کے جتھے ایک دوسروں پر لفظی گولہ باری اور سیاسی تیراندازی کر رہے ہیں ہر فریق کے پاس گولوں اور تیروں کا ایک بڑا ذخیرہ موجود ہے مگر لڑائی جس طرح آگے بڑھ رہی ہے اس کے سبق کیلئے ماضی سے رہنمائی لیں تو آپسی لڑائی، چاقو نکلنے پر دونوں، تینوں بلکہ چاروں فریقوں کو باری باری تہہ تیغ کردیگی کوئی پہلے جائے گا اور کوئی بعد میں اندرونی پھوٹ، ٹوٹ پھوٹ کیساتھ ساتھ اجتماعی تباہی وبربادی لاتی ہے مشہور انگریزی قول ہے کہLet sleeping dogs lie یعنی سوئے ہوئے فتنوں کو مت جگاؤ۔ جنرل ضیاء الحق نے چلتے ہوئے سسٹم میں سے وزیراعظم جونیجو کو نکال باہر کیا، جونیجو گئے تو جنرل ضیاء بھی غروب ہوگئے۔ جنرل مشرف نے اپنی ہی اتحادی ق لیگ کو فارغ کیا تو خود بھی اپنے انجام سے ہمکنار ہوئے۔ چاقو مت نکالنے کا مضمون اسی لئے باندھا ہے کہ گھر کی مرمت کرلو گھر مسمار نہ کرو، پیوند لگانا بہتر ہے لباس پھاڑنا خطرناک ہے۔ مکھی مارنے کیلئے جب بھی توپ چلائی گئی مکھی کیساتھ توپ کا مستقبل بھی خطرے میں پڑاہے، علاج کہیں مرض سے مہلک ثابت نہ ہو جائے۔ چاقو نکالنے کی سب سےبڑی مثال مولانا فضل الرحمن کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنا ہے، مولانا ڈیرہ اسماعیل خان پختونخواہ کے مستقل رہائشی اور اسلام آباد کے عارضی مکین ہیں لاہور میں وہ مہمان کے طور پر آئے ہوئے ہیں2024ء کے الیکشن میں وہ پنجاب سے قومی یا صوبائی اسمبلی کی ایک بھی نشست نہیں جیت سکے بلکہ کسی جگہ پر انکی جماعت کے امیدوار نے لاکھوں میں ووٹ بھی نہیں لئے گویا وہ پنجاب میں کوئی ہنگامہ، ہڑتال یا بڑا جلسہ جلوس کرنیکی پوزیشن ہی میں نہیں ہیں مگر لاہور ہائیکورٹ جانے سے روکنے کیلئے انکے میزبان کے گھر کا محاصرہ اور پھر سرگودھا کے دورے کو روکنے کیلئے لاہور کی سڑکیں اور اسلام آباد موٹر وے پر جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، کل کا سارا دن پنجاب میں جگہ جگہ ٹریفک بحران رہا۔ مولانا کا جلسہ کیا اتنا خطرناک ہوتا تھا کہ اس کو روکنے کیلئے پورے پنجاب کی ٹریفک کو ڈسٹرب کر دیا جائے اسے ہی تو کہتے ہیں علاج، مرض سے کہیں بدتر تھا۔ریفرنڈم، نئے صوبے اور ری سیٹ کی تجویز پر سارے حکومتی اتحادی تذبذب کا شکار ہیں ٹاپ طاقتیہ اور سیاسیہ میں اعتماد کا جو گہرا اور بااعتماد رشتہ قائم تھا اس میں دراڑ پڑ رہی ہے، ریفرنڈم نئے صوبوں اور ری سیٹ کا معاملہ طے بھی ہوگیا تو اعتماد کے رشتے کو کون پھر سے جوڑے گا نون طوعاًوکرہاً اور پیپلز پارٹی جبراً آئینی وانتظامی ری سیٹ کو مان لے تو اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ نیا ری سیٹ ایسے نتائج دیگا جس سے انقلابی سیاسی وسماجی اور قانونی تبدیلیاں آجائینگی اور اگر یہ تبدیلیاں وقوع پذیر نہ ہوئیں تو نظام کے انہدام کو پتھر پر لکیر سمجھیں۔ چاقو تو نکلے ہی ہوئے ہیں مگر کانٹوں کی مالا نظام کے گلے میں پڑ رہی ہے کابینہ کی اندرونی لڑائیاں، خاص وزیروں اور عام وزیروں میں تفریق، طاقتور وزیر کی وزیراعظم سیکریٹریٹ سے مسلسل لڑائی، پنجاب حکومت کیخلاف صف بندی اور تو اور پیپلز پارٹی کو نظام سے نکال کر نئی مخلوط حکومت کی تیاریاں، نظام کیلئے کانٹے بونے کے علاوہ کس بات پر منتج ہوسکتی ہیں؟ یاد رکھنا چاہئے کہ حادثے ایک دم نہیں ہوتے غلطی پر غلطی کرنے، مکھی پر مکھی مارنے اور خود اپنی طاقت کا بار بار امتحان لینے کی کوشش بالآخر کسی بڑے حادثے اور خود اپنی طاقت کا بار بار امتحان لینے کی کوشش بالآخر کسی بڑے حادثے کو جنم دیتی ہے، اپنی طاقت پر ناز ہوجائے تکبّر اور نخوت میں اضافہ ہوجائے، اختلاف رائے کو دشمنی پر محمول کرکے ہر اختلاف کرنیوالے کو عبرت کی مثال بنانے کی کوشش کی جائے، اپنے ہی ساتھیوں پر شک کرکے انہی کیخلاف سازشوں پر خاموشی برتی جائے تو سمجھئے کہ زوال کا سرکش گھوڑا تیزی سے کسی المیہ انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔وزیر اعظم دانشمند اور معاملہ فہم ہیں کہ انہوں نے وفاقی کابینہ کے اندر چاقوزنی کو باقاعدہ اعلان کرکے بند کروایا ہے مگر اپنے وفاقی وزیر سالک حسین اور اپنی بھتیجی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے درمیان ہونیوالی بیان بازی اورمقدمے بازی کیلئےنہ کوئی صلح صفائی کی محفل منعقد کی اور نہ ہی ابھی تک ایک فریق بھی پیچھے ہٹا ہے۔ وفاق اور پنجاب کے درمیان عدم تعاون اور غیر ہم آہنگی کو ہوا دینے والے بھی بہت ہیں مگر ٹاپ لیول سے اس موضوع پر کوئی سنجیدہ کوشش نہیں ہوئی دوریاں اور غلط فہمیاں بڑھتی جارہی ہیں آگ بھڑکانے والے زیادہ اور آگ بجھانے والے کم ہیں یونہی فاصلے بڑھتے رہے تو شریفوں کی جو پاور اتفاق سے قائم ہوئی تھی وہ اختلاف اوربچوں میں اقتدار کی تقسیم کے معاملے پر بکھر جائے گی۔ تحریک انصاف کو پولا کرنے کیلئے کبھی چاقو سے کام لیا گیا اور کبھی میٹھے زہر سے۔ اب اندرونی سرنگ خاصی گہری ہو چکی ہے،وہ اراکین پارلیمان جو الیکشن سے پہلے حلف نامے اورمستقبل نامے پر دستخط کر چکے ہیں، کہہ رہے ہیں کہ آئینی ترامیم میں مقتدرہ کا ساتھ دیکر تحریک انصاف کیلئےراستہ کھولا جائے مگر بیرسٹر گوہر، سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کا موقف دوسرا ہے وہ نہ ریفرنڈم کی حمایت پر تیار ہیں اور نہ ہی آئینی عدالت کے ذریعے صوبے بنانے پر رضا مند ہیں۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی میں آئندہ آنیوالی ترامیم پر اندرونی چاقو زنی کا مقابلہ ہوگا اور یوں کئی سال پہلے سے جو مسلسل سرنگ لگائی جا رہی تھی اب اس کی فصل کاٹنے کا وقت آیا چاہتا ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ دیکھیں تو حکومتوں کے زوال کا باعث یا تو پارٹیوں کے اندر چاقو زنی کے مقابلے سے ہوتا ہے یا پھر طاقتیہ اور سیاسیہ کا میٹھی چھری اور تیز چھری سے مقابلہ ہوتا ہے۔ نتیجہ وہی ڈھاک کے تین پات نکلتا رہا ہے، پہلے سیاست گرتی ہے اور پھر اس سیاسیہ کو گرانے والی طاقتیہ پر چاروں اور سے چاقو اور چھریاں چلتی ہیں۔ اس لیے جب بھی چاقو زنی کی طرف بات چلنی شروع ہوتی ہے اس بزدل صحافی کا دل دہل جاتا ہے کہ اب کسی نہ کسی کا چاقو چاہتے نہ چاہتے اِدھر اُدھر کسی نہ کسی کو ختم کر سکے یا نہیں، زخمی ضرور کر دے گا۔زخمی سیاسیہ ہو طاقتیہ، نقصان تو ملک کا، ریاست کا اور سماج کا ہوتا ہے۔ سماج اور ریاست کی رفتار پہلے کم ہوتی ہے، پھر ہنگامے بڑھتے ہیں تو رفتار مکمل طور پر رک جاتی ہے۔ ہر دفعہ سماج کی ترقی کیلئے نئے سے نئے انجن استعمال کرنے پڑتے ہیں۔کیا ہی اچھا ہو کہ مفاہمت،صلح و صفائی سے اتفاق رائے کےاصول پر عمل پیرا ہو کر غلطیوں کی اصلاح کی جائے۔ ہر بار صفر سے سفر شروع کرنے کی بجائے جو 20کی رفتار پر ہم جارہے ہیں اسی کو بڑھایا جائے، ریورس گیئر نہیں اگلے گیئر کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین